The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 3 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس فورس کو نئی خریدی گئی بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور سکیورٹی آلات با ضابطہ طور پر حوالہ کیے

Posted on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس فورس کو نئی خریدی گئی بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور سکیورٹی آلات با ضابطہ طور پر حوالہ کیے

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پیر کے روز پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا اور پولیس فورس کو نئی خریدی گئی بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور سکیورٹی آلات با ضابطہ طور پر حوالہ کیے۔خیبر پختونخوا پولیس کو ڈرون کیمرے، اینٹی ڈرون گنز، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل کیمرے، جیمرز، بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، بکتر بند گاڑیاں، سنائپر رائفلز، ڈریگونوف، ایم سولہ، سب مشین گنز، ہیوی مشین گنز اور دیگر جدید آلات فراہم کیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرمل ویپن سائٹس اور تھرمل بائنوکلرز سے رات کی نگرانی موثر بنے گی جبکہ بلٹ پروف گاڑیوں اور سائیڈ آرمَرنگ سے پولیس کی نقل و حرکت مزید محفوظ ہو سکے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو دہشتگردی کے خلاف موثر کردار اور موجودہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس فورس کے جذبے جوان ہیں اور یہ سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ پولیس فورس کو ناقابلِ تسخیر فورس بنایا جائے اور اسے موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے مزید اسلحہ اور سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم 80 ہزار شہداءکی بات کرتے ہیں تو اس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ہزاروں جوان شامل ہیں، جن کی قربانیوں کے نتیجے میں صوبے میں 2018 سے 2022 تک امن قائم رہا تاہم 2022 کے بعد ایک بار پھر بدامنی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعلی نے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا میں امن بحال بھی کیا جائے گا اور اسے ہر صورت برقرار بھی رکھا جائے گا۔ قبل ازیں، وزیراعلیٰ نے یادگارِ شہداءپر پھول رکھے، جبکہ پولیس لائنز آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو حوالہ کیے جانے والے سکیورٹی آلات اور بلٹ پروف گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ تقریب میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

chitraltimes cm kp handover blat proof vehicles to police officials 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
116347