یونیورسٹی آف چترال میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اسٹوڈنٹس میں لیب ٹاپ تقسیم
یونیورسٹی آف چترال میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اسٹوڈنٹس میں لیب ٹاپ تقسیم
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم فیز III کے تحت یونیورسٹی آف چترال میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان یوسفزئی تھے۔ تقریب کی صدارت یونیورسٹی آف چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے کی۔ لوئر چترال کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قمر حیات نے اس پروگرام میں بطور مہمان خاص شرکت کی۔ اس پروگرام میں معروف کمیونٹی ممبران بشمول شہزادہ گل نے بھی شرکت کی۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل مسرت جبین اور یونیورسٹی آف چترال کے ایڈیشنل رجسٹرار صاحب خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے شرکاء سے خطاب کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ لیپ ٹاپ کو نہ صرف سیکھنے کے مقصد کے لیے استعمال کریں بلکہ آن لائن کمائی کے مواقع کے طور پر بھی استعمال کریں۔ وی سی نے واضح کیا کہ لیپ ٹاپ خالصتاً ایچ ای سی کی طرف سے مقرر کردہ میرٹ پر دیے جاتے ہیں۔ یونیورسٹی صرف طلباء کی طرف سے ایچ ای سی کو فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کرتی ہے۔ وی سی نے لیپ ٹاپ جیتنے والے طلباء کو مبارکباد دی۔
یونیورسٹی آف چترال نے تین مرحلوں میں طلباء میں مجموعی طور پر 142 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جو کہ نوجوانوں میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے اور بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے طلباء کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور انہیں اپنے کیرئیر کی تعمیر کے لیے کوشان رہنے اور مکمل تعاون کو یقینی بنانے اور ان سب کو اپنے کیرئیر کونسلنگ اور مستقبل کے مقاصد کے لیے اسامہ شہید کیرئیر اکیڈمی آنے کی دعوت دی۔
ڈی سی نے تمام طلباء کی کاوشوں کی تعریف کی اور انہیں مزید حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ اپنے مقصد کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور لیپ ٹاپ کا نتیجہ خیز استعمال کریں جو ان کی قابلیت کی علامت اور تعریف کا نشان ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او لوئر چترال قمر حیات خان نے کہا کہ نوجوان قوم کے مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ دور حاضر میں نوجوان کو روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ آن لائن ریسرچ کرنا بھی ضروری ہے۔ پرائم منسٹر کا یہ احسن اقدام ہے کہ یونیورسٹی آف چترال کے ہونہار طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔






