پاکستان میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
پاکستان میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) رمضان المبارک کا مقدس مہینہ محض چند دنوں کی دوری پر ہے اور ہر سال دنیا بھر کے مسلمان رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے، ملک بھر میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند 28 فروری کو نظر آنے کا امکان نہیں، چاند کی پیدائش 28 فروری کو 5 بجکر 45 منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 13 گھنٹے 12 منٹ ہوگی، چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 شعبان کو مطلع کہیں صاف اور کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں ماہ مقدس رمضان المبارک اور عیدالفظر کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
خیبرپختونخوا حکومت کا محکمہ اینٹی کرپشن کو وسیع اختیارات دینے کا فیصلہ
پشاور(سی ایم لنکس) وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر احتساب کے حوالے سے دباؤ بڑھ گیا، خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو وسیع اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کیلئے نئے قانون کی تیاری جاری ہے، محکمہ اینٹی کرپشن کو وزیراعلیٰ کے خلاف بھی تحقیقات کا اختیار دینے کی تجویز ہے، نئے قانون کے تحت وزیراعلیٰ کے خلاف بھی شکایات پر تحقیقات کی جاسکیں گی۔حکومتی ذرائع نے بتایا ہے نئے قانون کے تحت ارکان اسمبلی بھی محکمہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار میں لائے جائیں گے، گریڈ 21 تک کے سرکاری افسروں کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کی جاسکے گی، اینٹی کرپشن موجودہ قانون کے تحت صرف گریڈ 16کے افسروں کے خلاف تحقیقات کرسکتا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے قانون کے تحت بینامی اثاثوں کی تحقیقات بھی کی جاسکیں گی، محکمہ اینٹی کرپشن جرم ثابت ہونے پر ریکوری خود نہیں کرے گا، ریکوری عدالت کے ذریعے کروائی جائے گی، مجرم سے 15 فیصد سروس چارجز بھی لئے جائیں گی۔حکومتی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ نئے قانون کی منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں لی جائے گی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صوبے میں کرپشن کی شکایات کیخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی۔