The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وقاص احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے  ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا درجہ دینے کے لیے رٹ پٹیشن دائر

وقاص احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے  ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا درجہ دینے کے لیے رٹ پٹیشن دائر

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وقاص احمد ایڈووکیٹ نے پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی ہے، جس میں ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا درجہ دے کر تمام سہولتوں سے آراستہ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

وقاص احمد ایڈووکیٹ نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ اپر چترال کو سات سال قبل ضلع کا درجہ دیا گیا، لیکن تاحال یہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قائم نہیں کیا گیا۔ اپر چترال رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے اور سڑکوں کی دشواریوں کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے اکثر 10 گھنٹے سے زائد سفر کرنا پڑتا ہے، جس دوران کئی مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ زچگی کے دوران ماؤں اور بچوں کی اموات ایک المناک حقیقت ہے جس کا فوری حل صرف ڈی ایچ کیو ہسپتال کا قیام ہے۔

رٹ پٹیشن میں عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ:

ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال لوئیر میں ڈاکٹروں کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔

چترال اپر اور لوئیر کے تمام آر ایچ سی اور بی ایچ یو مراکز صحت میں میڈیکل آفیسرز تعینات کیے جائیں اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں۔

یہ رٹ پٹیشن آئین کے آرٹیکل 199 اور بنیادی حقوق سے متعلق دفعات کے تحت دائر کی گئی ہے، اور اس میں صوبائی حکومت کو بذریعہ چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ، ڈی ایچ او اپر و لوئیر چترال اور ایم ایس اپر و لوئیر چترال کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وقاص احمد ایڈووکیٹ اس سے قبل بھی چترال کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے متعدد رٹ پٹیشنز دائر کر چکے ہیں، جن کے نتیجے میں:

بونی بوزند تورکہو روڈ پر ہائی کورٹ کے حکم کے بعد صوبائی حکومت نے 50 کروڑ روپے سے زائد فنڈز ریلیز کیے اور کام تیزی سے جاری ہے۔

چترال شندور روڈ کو بونی تک، کلاش ویلی روڈ کے پانچ کلومیٹر اور لواری روڈ کے ساڑھے چار کلومیٹر حصے کو این ایچ اے نے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چترال گرم چشمہ روڈ کی ری ڈیزائننگ مکمل کر کے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لیے بیان عدالت میں جمع کیا جا چکا ہے۔

وقاص احمد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد چترال کے عوام کو صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے تاکہ پسماندہ خطے کو قومی دھارے میں لایا جا سکے۔

waqas ahmad

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
114301