The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 3 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے حل کے لیے اپرچترال میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی کھلی کچہری 

وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے حل کے لیے اپرچترال میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی کھلی کچہری

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وفاقی اداروں سے متعلق عوامی شکایات کے حل کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس سوات کی جانب سے ٹی ایم اے مستوج ہال اپر چترال میں کھلی کچہری و عوامی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ محمد مشتاق خان جادون اور ریجنل ہیڈ ڈبلیو ایم ایس آر او سوات، ثناء اللہ خان نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان، ڈسٹرکٹ پولیس افسر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، تحصیل چیئرمین حضرات، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ضلعی سطح پر عوامی شکایات کے حل میں انتظامیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ 1983ء سے قائم ہے اور ملک بھر میں تقریباً 600 وفاقی اداروں میں عوامی شکایات کے شفاف ازالے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شکایات ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ویلج کونسل سیکرٹری یا ٹی ایم او آفس کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، جنہیں ایم آئی ایس سسٹم کے تحت ٹریک کیا جائے گا اور درخواست دہندگان کو ہر مرحلے پر آگاہ رکھا جائے گا۔

دورانِ کھلی کچہری عوام کی جانب سے متعدد اہم مسائل و مطالبات پیش کیے گئے جن میں شامل تھے:

نادرا آفس میں سروس کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کی ضرورت۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت اور نئے سروے کا مطالبہ۔

غیر مستحق افراد کو فہرست سے خارج کرنے اور بیت المال و پاسپورٹ آفس کے قیام کی تجویز۔

پوسٹ آفس کی بحالی، پی ٹی سی ایل آفس کی فعالی اور سب ڈویژنل افسر کی اپر چترال میں تعیناتی۔

ٹیلی نار، جاز، یوفون اور دیگر نیٹ ورکس کے سگنل مسائل کے حل، 4G سروس میں بہتری اور فائبر آپٹک بچھانے کے مطالبات۔

این ایچ اے کو چترال–بونی–مستوج–شندور روڈ پر سست رفتاری ختم کرنے، فنڈز کی بروقت فراہمی، اور چترال کی جغرافیائی مشکلات کو فنڈز الاٹمنٹ میں مدنظر رکھنے کی سفارش۔

اپر چترال میں ایئرپورٹ کے قیام اور فرنٹیئر کور کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی پنشن ڈاکیومنٹس کی پراسیسنگ کے لیے مقامی آفس کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ریجنل ہیڈز نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام شکایات اگر تحریری صورت میں جمع کرائی جائیں تو انہیں شفاف، مؤثر اور مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں نہ سفارش چلتی ہے، نہ رشوت — بلکہ ہر شہری کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہی اس کا بنیادی مقصد ہے۔

chitraltimes federal department meeting upper chitral 3 chitraltimes federal department meeting upper chitral 2

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
115463