وفاقی حکومت کا 28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
وفاقی حکومت کا 28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز) وفاقی حکومت نے 28 مئی کو یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے ملک بھر کے تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بیشتر نجی کاروبار بند رہیں گے۔گزشتہ روز سندھ حکومت نے بھی یوم تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، اس سلسلہ میں صوبائی دفاتر، بلدیاتی کونسلز سمیت تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے بھی 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے دسمبر 2024 میں 28 مئی کو عام تعطیلات کی فہرست میں شامل کیا تھا، گزشتہ سال نوٹیفکیشن کے ذریعے 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے 249 ارب مالیت کے 10 ترقیاتی منصوبے منظور کرلیے
اسلام آباد(سی ایم لنکس)سینٹر ل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 249 ارب روپے مالیت کے 10 ترقیاتی منصوبے منظور کر لیے جبکہ 6 بڑے منصوبے ایکنک کو حتمی منظوری کے لیے بھجوا دیے گئے۔اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبہ 7.5 ارب روپے میں منظور کر لیا گیا، نئے سیف سٹی منصوبے میں 3655 اضافی کیمرے لگائے جائیں گے جبکہ 28 پولیس اسٹیشنز کو نگرانی نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا۔نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ 3.3 ارب روپے میں منظور کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی خود مختاری کے لیے کوانٹم کمپیوٹنگ ضروری ہے۔اعلیٰ تعلیم کی ترقی کا منصوبہ 21.1 ارب روپے کے ساتھ ای سی این ای سی کو بھجوا دیا گیا۔سرگودھا-خوشاب-میانوالی روڈ کی دو رویہ تعمیر کے منصوبے کی لاگت 11.8 ارب روپے ہے جبکہ گوجرانوالہ تا کوٹ سرور روڈ دو رویہ منصوبہ 13.2 ارب روپے کا ہے۔ نیا لاہور کنٹرولڈ ایکسس کوری ڈور منصوبہ 10.8 ارب روپے کا ای سی این ای سی کو بھیجا گیا ہے۔پاکستان ریلوے کے ٹریک مشینوں کی بحالی کا منصوبہ 5.3 ارب میں منظور ہوگیا۔نیشنل ہائی وے این5 کی 6 لین میں توسیع کا منصوبہ 155 ارب روپے میں ای سی این ای سی کو بھیجا گیا جبکہ چشتیاں تا چک 46/3R سڑک کی دو رویہ تعمیر کا منصوبہ 14.8 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔پنجاب کلین ایئر پروگرام 5.7 ارب روپے میں منظور کر لیا گیا جس میں الیکٹرک گاڑیوں کی ترغیب دی جائے گی۔