“وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے صوبہ بھر کے 1230 ای-ٹرانسفر آرڈرز کا اجرا کر دیا۔”
“وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے صوبہ بھر کے 1230 ای-ٹرانسفر آرڈرز کا اجرا کر دیا۔”
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) ای-ٹرانسفر پالیسی کا 25 روزہ سائیکل مکمل ہونے پر آج محکمہ تعلیم کی جانب سے ای-ٹرانسفر پورٹل پر اپلائی کرنے والے اساتذہ کے الیکٹرانک ٹرانسفر آرڈرز میرٹ پر خود کار نظام کے ذریعے جاری کر دیے گئے۔
محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب میں وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی، سیکرٹری تعلیم مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نورشیر آفریدی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے خود کمپیوٹرائزڈ انٹری کرتے ہوئے الیکٹرانک آرڈرز جاری کیے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت اساتذہ کو دفاتر کے چکر لگانے یا سفارش کی ضرورت نہیں پڑتی۔ ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت اساتذہ کو خالصتاً میرٹ پر ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔ اساتذہ کو ان کے چوائس کے مطابق گھروں کے نزدیک ترین اسٹیشنز پر ٹرانسفر کیا گیا تاکہ وہ اپنی توجہ طلبہ کی تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ای-ٹرانسفر پالیسی کا فیز 2 ترجیحا اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا جائے گا۔
– فیز 2 میں انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسفر اور حالیہ پروموشنز کی وجہ سے خالی ہونے والی ایس ایس ٹی اور دیگر کیڈرز کی پوسٹیں شامل کی جائیں گی۔ تمام ٹرانسفرز ریشنلائزیشن اور یونین کونسل بیس آرڈرز کے تحت کیے گئے۔ محکمہ تعلیم اساتذہ کی بھرتیوں کے پراسس کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے تاکہ ہر کلاس اور سکول میں استاد موجود ہو۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام مینول ٹرانسفر پوسٹنگز کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت دی کہ تمام خالی پوسٹوں کا ڈیٹا ای-ٹرانسفر کے لیے جاری کیا جائے۔اگر کسی ضلع میں کوئی خالی پوسٹ جان بوجھ کر مشتہر نہ کی گئی تو متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
