توڑ پھوڑکیس: وزیراعلی خیبرپختونخوا کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،وزیراعلیٰ کو 5 اکتوبر تک کسی بھی مقدمے گرفتار نہ کیا جائے، پشاور ہائیکورٹ
توڑ پھوڑکیس: وزیراعلی خیبرپختونخوا کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج، ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،وزیراعلیٰ کو 5 اکتوبر تک کسی بھی مقدمے گرفتار نہ کیا جائے، پشاور ہائیکورٹ
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے میں علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے۔ظہور الحسن کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی حاضری معافی کی درخواست عدالت میں جمع کروائی گئی، پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ پچھلی مرتبہ 4 کو حاضری معافی کی درخواست دی اور 8 کو جلسے میں طبعیت ٹھیک تھی،جس پر وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کریں، یقین دہانی کرواتا ہوں علی امین حاضر ہوں گے۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کو 10 بجے عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔بعدازاں عدالت نے عدم پیروی پر وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی۔دوران سماعت وکیل ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا کہ راستے بند ہیں میرا رابطہ ہوا، علی امین گنڈاپور پیش نہیں ہو سکتے، عدالت ایک موقع دے علی امین عدالت پیش ہوں گے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ بغیر کسی وجہ کے ہر مرتبہ ریلیف نہیں دے سکتے، آخری مرتبہ بھی آپ کی مرضی کی تاریخ دی گئی۔عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی۔
وزیراعلیٰ کے پی کو 5 اکتوبر تک کسی بھی مقدمے گرفتار نہ کیا جائے، پشاور ہائیکورٹ
پشاور(سی ایم لنکس)خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو پشاور ہائیکورٹ نے 5 اکتوبر تک کسی بھی مقدمے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا۔پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف وفاق اور پنجاب میں جتنے مقدمات درج ہیں انکی تفصیل درخواست گزار کو فراہم کی جائے، اگر کسی مقدمے میں گرفتار کرنا ہو تو عدالت کو پہلے سے آگاہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ ایک صوبے چیف ایگزیکٹیو ہیں اور عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، یہ وزیراعلیٰ کا بنیادی حق ہے کہ انہیں مقدمات سے آگاہ کیا جائے اور انہیں تفصیل فراہم کی جائے۔آئین کا آرٹیکل 10 بھی یہ کہتا ہے کہ کسی شہری کے خلاف درج مقدمات سے انہیں پہلے آگاہ کرنا ہوگا۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا وفاق اور پنجاب میں سیاسی حریف کی حکومت ہے، وہ ایک صوبے کا نمائندہ ہے اور مقدمات میں مفرور نہیں ہوسکتا۔حکم نامے کی کاپیاں اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس کے رجسٹرار کو ارسال کی جائے۔
دہشتگردی کا مقدمہ: علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے گئے
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور واثق قیوم عباسی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔عدالت نے راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں جبکہ عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔علاوہ ازیں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی اور سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔