وزیراعلیٰ کی طرف سے انعامات کا اعلان، لاسپور ٹیموں کو نظرانداز کرنے پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑگئی، شاہد علی یفتالی ودیگر کی متعلقہ حکام سے ملاقات، انعامات میں شامل کرنیکی یقین دہانی
وزیراعلیٰ کی طرف سے انعامات کا اعلان، لاسپور ٹیموں کو نظرانداز کرنے پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑگئی، شاہد علی یفتالی ودیگر کی متعلقہ حکام سے ملاقات، انعامات میں شامل کرنیکی یقین دہانی
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) شندور فیسٹیول 2025 کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی جانب سے چترال کے پولو کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا، تاہم حیران کن طور پر اس میں چترال کے تاریخی اور ثقافتی حوالے سے اہم ترین علاقے لاسپور کی دونوں پولو ٹیموں کو نظرانداز کیا گیا۔ اس فیصلے نے علاقے میں شدید تشویش اور اضطراب پیدا کر دیا۔
اس سلسلے میں شندور سیفٹی ڈیولپمنٹ فورم کے سرپرست اعلیٰ شاہد علی خان یفتالی اور ہیڈکوارٹر لاسپور پولو ٹیم کے کپتان آصف اقبال یفتالی نے ایک مؤثر اقدام کرتے ہوئے صوبائی سطح کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈی جی اسپورٹس خیبرپختونخواہ تاشفین حیدر، سیکریٹری سیاحت و آثارِ قدیمہ ڈاکٹر عبدالصمد، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی محترمہ ثریا بی بی، اور ایم پی اے لوئر چترال فاتح الملک علی ناصر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں نمائندگان نے زور دیا کہ لاسپور، جو شندور کا اہم ترین جغرافیائی اور ثقافتی حصہ ہے، اس کے پولو ٹیموں کو نظر انداز کرنا ایک غیر منصفانہ عمل ہے۔ شندور میلہ صرف کھیل کا میدان نہیں بلکہ اس خطے کی ثقافت، تاریخ اور شناخت کی علامت ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ لاسپور کے بغیر شندور کا کوئی تصور ممکن نہیں، اور اگر پولو ایسوسی ایشن یا کسی اور سطح پر ایسی غفلت کی گئی ہے تو یہ واضح طور پر انتظامی کمزوری اور علاقائی تعصب کا شاخسانہ ہے۔
ڈپٹی اسپیکر محترمہ ثریا بی بی نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے نوٹس میں لائیں گی تاکہ لاسپور کے پولو ٹیموں کو ان کا جائز مقام اور حق مل سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چترال کے تمام علاقوں کو یکساں مواقع دیے جائیں گے اور کسی کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفد نے یہ بھی باور کرایا کہ لاسپور نہ صرف چترال کا حصہ ہے بلکہ شندور کے میدان کی پہچان ہے۔ اس کی مٹی سے وفاداری، اس کی ثقافت سے محبت، اور اس کے پولو کے جذبے کو کسی کونے میں دھکیلنا تاریخی ناانصافی ہو گی۔
ریاستی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے بعد اب امید کی جا رہی ہے کہ شندور فیسٹیول 2025 میں لاسپور کی پولو ٹیموں کو نہ صرف نمائندگی دی جائے گی بلکہ ان کی خدمات اور تاریخی وابستگی کو بھرپور طریقے سے سراہا جائے گا۔
یہ ایک امتحان ہے کہ آیا خیبرپختونخواہ حکومت اور پولو ایسوسی ایشن اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تمام علاقوں کو برابری کی بنیاد پر عزت و وقار دے گی یا پھر علاقائی تعصب کا سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا۔


