The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 23 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعلیٰ کا شعبہ صحت کی بہتری کے لیے دیرپا تجاویز پیش کرنے کی ہدایت 

Posted on

وزیراعلیٰ کا شعبہ صحت کی بہتری کے لیے دیرپا تجاویز پیش کرنے کی ہدایت

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ اور عوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر شعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر کام کی رفتار تیز کرنے جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ صحت کی بہتری کے لیے دیرپا تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں فائر فائٹنگ کی بجائے ایک جامع اور دیرپا حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی اور صحت عامہ کی بہتری کے لیے دوررس نتائج کے حامل اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ یہ ہدایات انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں شعبہ صحت سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

وزیر اعلیٰ نے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لیے پرائمری اور سیکنڈری ہسپتالوں کی ریویمپنگ پر جاری کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نچلی سطح پر صحت کے مراکز اور ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے غیر ضروری ریفرلز کی حوصلہ شکنی کے بھی احکامات جاری کیے اور کہا کہ غیر ضروری ریفرلز کے باعث نا صرف مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بڑے ہسپتالوں پر دباو ¿ بھی بڑھ رہا ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے مزید ہدایت کی کہ ناگزیر ریفرلز کے لیے بھی ٹھوس جواز فراہم کیا جائے اور بلاوجہ ریفرل کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے ایم ٹی آئی ہسپتالوں اور آئی سی یو میں بیڈز بڑھانے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کرنے، پیڈیاٹرک سروسز پر خصوصی توجہ دینے اور بچوں کے علاج کے لیے صحت کارڈ میں بجٹ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں انہوں نے صحت کارڈ میں شامل نجی ہسپتالوں کے ساتھ برڈن شیئرنگ اور اس سے متعلق قواعد و ضوابط کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کے لیے ہسپتالوں کے قریب ہاسٹل کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے ہسپتالوں کو اپنا سسٹم اپگریڈ کرنے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ آئندہ لنک ڈاو ¿ن ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ نتائج میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم عوام سے براہ راست منسلک ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ہسپتالوں کی بہتری کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنے اور اس مقصد کے لیے دیرپا تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت پہلی ترجیح ہے، اس سلسلے میں وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
117498