صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے پر کام کررہی ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے گفتگو
صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے پر کام کررہی ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد سے گفتگو
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پورسے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور خصوصی طور پر مختلف شعبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سید امتیاز حسین شاہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں روڈ انفراسٹرکچر، واٹر، ایگریکلچر، انرجی ، اربن ڈیویلپمنٹ اور صحت کے شعبوں میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے جاری منصوبوں پرٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت اور ان کی بروقت تکمیل سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علاوہ ازیں اگلے تین سالوں کے دوران ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں پر بھی غوروخوص کیا گیا اور پیشگی لوازمات بروقت مکمل ہونے کی صورت میں ان منصوبوں پر جلد عملدرآمد شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وفد نے ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے ٹائم لائینز سے پہلے فنڈز جاری کرنے پر بھی رضا مندی کا اظہارکیا۔اہم منصوبوں میں خیبرپختونخوا سسٹینیبل اربن موبیلیٹی، خیبرپختونخوا رورل روڈز ڈویلپمنٹ، سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ، فوڈ سکیورٹی اینڈ لائیو اسٹاک مینجمنٹ پروگرام کے تحت مختلف منصوبے شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مذکورہ منصوبوں پر بلا تاخیر عمل درآمد شروع کرنے کیلئے متعلقہ حکام کوپیشگی لوازمات جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ملاقات میں پانچ سالہ کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 30-2026 کے تحت خیبر پختونخوا کے لئے مجوزہ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اورسماجی شعبوں میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے وفد کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت سماجی شعبوں کی ترقی کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنی آمدن بڑھانے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کر رہی ہے، خیبر پختونخوا میں زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، معدنیات، پن بجلی اور ہاوسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ان شعبوں کو ترقی دے کر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے، ہمارا حتمی ہدف لوگوں کو اپنے پاو¿ں پر کھڑا کرنا ہے۔
علی امین گنڈ ا پور نے کہاکہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میںشامل ہے۔ علاوہ ازیں صوبے کی فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے سی آر بی سی سمیت چھوٹے ڈیموں کے منصوبے بھی صوبائی حکومت کی ترجیح ہیں،صوبائی حکومت ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے سرمایہ کاری کر رہی ہے،اس سلسلے میں شراکت اداروں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ موجود صوبائی حکومت اپنے ترقیاتی پروگرام میں بنیادی اصلاحات متعارف کرارہی ہے،ہم ترقیاتی منصوبوں کا تھرو فارورڈ 13 سال سے کم کرکے 6 سال تک لے آئے ہیں۔اسی طرح وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنی بجلی سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرنے پر کام کررہی ہے،اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو اپنی ٹرانسمیشن لائن کی ضرورت ہے ۔ صوبائی حکومت اس شعبے میں نجی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گی۔وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ہم ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریں گے۔