The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد

Posted on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد
مردان میںمیڈیکل کالج اور میگا پارک مکمل ، وزیراعلیٰ نے افتتاح کر دیا
اگلی حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہو گی، وزیراعلیٰ محمود خان
وفاق خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے، اپنے حق کے حصول کیلئے تمام راستے اختیار کریں گے، محمود خان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع مردان میں 15.5 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و ترقی پر خرچ کر رہی ہے جبکہ امپورٹڈ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں جاری ترقیاتی عمل میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ امپورٹڈ حکمران جتنی بھی کوشش کر لیں وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ آنے والا دور بھی پاکستان تحریک انصاف ہی کا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے جمعرات کے روز ضلع مردان کادورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مکمل شدہ منصوبوں کا افتتاح کیا اور سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ سمیت دیگر میگا منصوبوں پر کام کا باضابطہ اجراءکیا۔ وزیراعلیٰ نے 1.8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے باچا خان میڈیکل کالج کا باضابطہ افتتاح کیا ۔ یہ کالج 51 کنال رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں 1250 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

اسی طرح وزیراعلیٰ نے40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے مردان میگا پارک کا بھی افتتاح کیا ۔ 400کنال وسیع رقبے پر قائم اس پارک میں واٹرسلائیڈز ، چلڈرن پلے ایریا، الیکٹرانک ڈائینوسار اور دیگر تفریحی سہولیات موجودہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع مردان میں سیوریج سسٹم کی بحالی اور نئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جو 8.3 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے ضلع میں انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سسٹم کے قیام کے منصوبے پر کام کا باضابطہ اجراءبھی کیا جو 3.8 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 3.3 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے 19 کلومیٹر طویل کاٹلنگ تا چونگی روڈ کی ڈوئیلائزیشن کے منصوبے کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں میں عوام کو بہترین شہری خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زکا نقشہ بدل جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحت کارڈ ، کسان کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ جیسے عوام دوست اقدامات کے ذریعے براہ راست عوام پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کی فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھی قابل عمل منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جو لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو سیراب کرنے میں مدد دیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجودہ وفاقی حکومت کے صوبے کے ساتھ غیر منصفانہ رویے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے۔ انہوں نے امپورٹڈ حکمرانوں سے سوال کیا کہ کیاخیبرپختونخوا اس ملک کا حصہ اور وفاق کی اکائی نہیں ہے ؟ اگر ہے تو پھر اس کا حق دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سے ہم صوبے کے حقوق لینے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ضرورت پڑی تو دھرنا بھی دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت صوبے کے 189 ارب روپے وفاقی حکومت کے ذمے بقایا ہیں، ہم کسی صورت بھی اپنے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ یہ صوبے کے عوام کا قانونی حق ہے جو ان کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہئیے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اور اسمبلی عمران خان کی امانت ہیں، وہ جب اشارہ کریں گے ہم اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رواں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع مردان کے 43 ارب روپے مالیت کے منصوبے شامل ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ ہر ضلع میںضرورت کی بنیاد پر اربوں روپے مالیت کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے ہر علاقے کا نقشہ بدل جائے گا۔

chitraltimes cm inagurates projects in Mardan speech

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
69274

اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کیلئے ایس او پیز کی منظوری دیدی گئی


پشاور( چترال ٹائمز روپرٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میںاتھارٹی کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی منظوری دی گئی ہے ۔ اجلاس میں مہمند ماربل سٹی کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے اور اس مقصد کیلئے مزید 2000 ایکڑ اراضی کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ورسک روڈ ، ملا گوری اور شبقدر میں قائم ماربل کارخانوں کی مہمند ماربل سٹی میں منتقلی کے عمل کو تیز کرنے جبکہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹ الاٹ ہونے کے چھ مہینے کے اندر اگر صنعت لگانے پر عملی کام شروع نہ ہو توپلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے ۔ اُنہوںنے کہاکہ اصل مقصد صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے جس کیلئے محکمہ صنعت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں طے شدہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی ضرورت ہے

۔ خیبرپختونخوا اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ساتواں اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم کے علاوہ بورڈ کے سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی بورڈ آف انوسٹمنٹ نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کیلئے زونز ریگولیشن کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور ان ریگولیشنز کو رشکئی اسپیشل اکنامک زون پر دستخط شدہ ترقیاتی معاہدے کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سپیشل پرپز وہیکل کی سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹریشن ہو چکی ہے ۔اجلاس میں اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کیلئے مجوزہ ایس او پیز کی بھی منظوری دی گئی اور ان ایس او پیز کو حتمی منظوری کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ اسلام آباد کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

اجلاس کو مہمند اکنامک زون کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ زون 350 ایکڑ کے رقبہ پر مشتمل ہے ۔زون میں مختلف کیٹگریز کے 290 پلاٹس میں سے 106 پلاٹس پہلے سے الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن قائم ہے ۔ اجلاس میں مہمند اکنامک زون کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ اس مقصد کیلئے درکار 2000 ایکڑ اراضی کی خریداری عمل میں لائی جائے اور فزیبلٹی کی تیاری پر کام شروع کیاجائے۔ اجلاس میں ڈی آئی خان میں سیمنٹ اور دیگر تعمیراتی مواد کی صنعت لگانے کیلئے ایک نجی کمپنی کو سول انٹر پرائز(Sole Enterprise) کا درجہ دینے کی تجویز پر غور وخوض کے بعد اسے حتمی منظوری کیلئے وفاقی بورڈ آف انوسٹمنٹ کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی ۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری اکنامک زونز کے منصوبوں پر عملی پیشرفت یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں صنعتوں کو فروغ دے کر عوام کو روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ امر ہر لحاظ سے یقینی بنایاجائے کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتی پلاٹس فروخت نہیں ہوں گے بلکہ ایک خاص مدت کیلئے لیز پر دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صنعت کو مزید ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو تمام تر یو ٹیلٹیز کی بروقت فراہمی یقینی ہونی چاہیئے تاکہ پلاٹس کی الاٹمنٹ کے چھ ماہ کے اندر زون میں عملی سرگرمیوں کا اجراءیقینی ہو سکے ۔
<><><><><>

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , , ,
49696