سابق ایم این اے کی قیادت میں چترا ل کی ایک وفد کا وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام سے ملاقات، وزیراعظم کا چترال کےلئے اعلان کردہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
سابق ایم این اے کی قیادت میں چترا ل کی ایک وفد کا وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام سے ملاقات، وزیراعظم کا چترال کےلئے اعلان کردہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کی قیادت میں چترال کا ایک وفد نے وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام سے اُن کے دفتراسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں چترال کے دیرینہ مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد میں جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق ایم پی اے مولانا عبد الرحمن، قاری جمال عبدالناصر، جے یو آئی لوئر و اپر چترال کے امیران اور کابینہ کے اراکین شامل تھے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل مستوج کے صدر جاوید لال بھی ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران چترال میں گیس فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ انجینئر امیر مقام نے وفد کو یقین دلایا کہ گیس منصوبے جلد از جلد اور شفاف طریقے سے مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو سکے۔ اس موقع پر چترال بونی شندور روڈ کے تعطل کا شکار تعمیراتی کام پر بھی گفتگو ہوئی، جس پر انہوں نے بتایا کہ سڑک کا کام جلد بحال کر دیا جائے گا۔
اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں ہسپتال اور یونیورسٹی کے قیام سے متعلق مسائل بھی زیر بحث آئے۔ انجینئر امیر مقام نے ان امور کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھنے اور پیش رفت یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وہ اس ہفتے چترال میں کام کرنے والے تمام وفاقی اداروں کے سربراہان کو طلب کریں گے، متعلقہ حکام کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور چترال کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
