The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور کا ہنگامی دورہ، پولیس لائنز دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی 

وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور کا ہنگامی دورہ، پولیس لائنز دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف پیر کو ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا – اس موقع پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ساتھ تھیں ۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخواء نے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم کو پولیس لائنز میں خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔ شرکاء نے پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع پر مامور اداروں پر حملے کرکے خوف ودہشت کی فضاء پیدا کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں جسے ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے اداروں، پولیس کی صلاحیت اور استعدادِ کار میں اضافہ کیاجائے گا۔

نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا اور پولیس لائنز میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے گھر میں سربسجود نمازیوں کا خون بہانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ یہ جرم کرنے والے اللہ تعالی کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے، اِن مجرموں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر دَم لیں گے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔

اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام کے نام پر نماز کے دوران مساجد اور معصوم شہریوں پر حملہ کرنا بدترین فعل ہے۔ پاکستانی عوام نے انتہا پسندوں کے بے بنیاد نظریے اور مذہب کی غلط تشریح کرنے والے عناصر کے اصلی چہروں کو پہچان لیا ہے۔ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ معصوم شہریوں پر کئے گئے اس حملے میں ملوث شر پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا۔

chitraltimes pm shahbaz sharif visit peshawar lrh hospital

chitraltimes pm shahbaz sharif visit peshwar lrh hospital chitraltimes pm shahbaz sharif visit peshwar lrh with coas

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70961

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پرچینی کمپنیوں کی پاکستان میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی یقین د ہانی

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پرچینی کمپنیوں کی پاکستان میں بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی یقین د ہانی

بیجنگ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ممتازچینی کمپنیوں نیپاکستان میں مشترکہ منصوبوں باالخصوص شمسی توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگربڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے۔بدھ کو وزیراعظم محمد شہبازشریف سے چین کی صف اول کی کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔وزیراعظم نے گوادر ہوائی اڈے پر کام کی رفتار تیز کرنے اوراسے رواں سال کے آخر تک مکمل کرنے پرزور دیا۔متعلقہ چینی کمپنی نے اگلے سال کی ابتدامیں گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی کرا دی۔ وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ ماضی میں بہت سے مسائل پیدا ہوئے جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 11 اپریل 2022 کو اقتدار سنبھالنے کے بعدان کی حکومت نے چینی کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کئے۔چینی کمپنیوں کوواجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔50 ارب روپے گزشتہ روز ادا کیے گئے ہیں اور50 ارب روپے سے ریوالنگ فنڈ بنادیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے بتایاکہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر سٹیٹ بینک نے ریوالونگ اکاؤنٹ بنادیا ہے۔ ادائیگیوں کے ساتھ ہی مزید 50 ارب روپے اس میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے چین سے درآمد کئے گئے کوئلے کی ادائیگیوں میں ماضی میں پیش آنے والے مسائل پر افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے یقین دلایا کہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے میں اراضی کے حصول کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور اس منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعظم نے چینی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور بتایاکہ ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے اور انہیں مثالی سزا ملے گی۔وزیراعظم شہبازشریف نییقین دلایا کہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے بہترین اقدامات کرے گی اور سی پیک اور سی پیک کے علاوہ دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے گااور سی پیک اور سی پیک کے علاوہ تمام منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کا ایک معیار مقررکیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چینی بھائیوں اور بہنوں کی سلامتی اپنے بھائیوں اور بہنوں کی طرح عزیز ہے۔ وزیراعظم نے مہمند ڈیم سے متعلق پیش آنے والے بعض مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی میں پانی کی فراہمی بہت بڑا مسئلہ ہے۔وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے چینی کمپنیوں کو آگاہ کیا کہ حکومت نے شمسی توانائی سے 10 ہزار میگاواٹ پیدا کرنے کا جامع منصوبہ بنایا ہے۔ وزیراعظم نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں بھی چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ ایندھن کی لاگت کم کرکے تیل وگیس پر خرچ ہونے والے بھاری غیرملکی زرمبادلہ کی بچت کی جا سکے گی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے فروغ کے لئے چینی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان میں کام کرنے کے لئے دلچسپی پر چینی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ چھ ماہ میں تین بار گودار بندرگاہ کا دورہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے ایم ایل وَن اور دیگر منصوبوں میں دلچسپی اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے فراخ دلانہ امداد پر بھی چینی حکومت اور کمپنیوں کا شکریہ اداکیا۔chitraltimes pm pakistan shahbez and delgation met chines investors

‘ آئی ایم ایف نے پاکستانی حکومت کے سامنے نئی شرائط رکھ دی’

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ماہرمعاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے آئی ایم ایف نے موجودہ حکومت سے 600 ارب روپے کے نئے ٹیکس اور پٹرول پر سیلز ٹیکس لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ماہرمعاشیات مزمل اسلم نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں سے زیادہ دیہی علاقوں میں مہنگائی ہے، آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ سیلاب کا بہانہ بناکر مہنگائی میں اضافہ کیاجارہاہے اورحکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ماہرمعاشیات نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے نئی شرائط رکھ دی ہیں، آئی ایم ایف نے موجودہ حکومت سے چھ سو ارب روپے کے نئے ٹیکس اور پٹرول پر سیلز ٹیکس لگانے کوکہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرول پر ڈیولپمنٹ لیوی تو پچاس روپے پر ہو گئی ہے مگر ڈیزل پر ابھی یہ لیوی بڑھانا ہے۔ حکومت نے پرائس کنٹرول مکینزم پر کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے۔مزمل اسلم نے خبردار کیا کہ موسم سرما کے دوران گیس کا بڑا بحران ہو گا، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار ایک سکے کے دو رخ ہیں۔

حکومت کا ایف آئی اے کو طاقتور بنانے کیلئے ادارے کو اختیارات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے ایف آئی اے ایکٹ میں مزید ترامیم کی منظوری دے دی، ایف آئی اے ایکٹ میں ترمیم کی حتمی منظوری پارلیمنٹ سے لی جائے گی، ایف آئی اے مزید اختیارات ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پر بھی کارروائی کر سکے گا۔جاری کردہ سمری کے مطابق تعزیرات پاکستان کی دفعہ 505 ایف آئی اے ایکٹ میں شامل نہیں اس لئے شق کو شامل کیا جائے اور ترمیم کے بعد سوشل میڈیا پر کسی قسم کی جعلی خبر اور افواہ پر کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کو بھی ہو گا جبکہ پہلے یہ اختیار صرف پولیس کے پاس تھا۔سمری کے مطابق غلط خبریں ریاست کے اداروں کے اہلکاروں میں بغاوت کو جنم دے سکتی ہیں، نفرت انگیز مواد اداروں میں بغاوت پر اکسانے جیسے معاملات بہت زیادہ ہیں۔،سمری کے مطابق غلط خبریں کسی گروہ اور کمیونٹی کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکا سکتی ہیں، پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد قانون کے تحت 7 سال تک قید کی سزا ہو سکے گی۔سمری میں بتایا گیا ہے کہ ترمیم کیبعد سوشل میڈیا پر جعلی خبر، افواہ پر کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کا بھی ہوگا، یاد رہے کے پہلے یہ اختیار صرف پولیس کے پاس تھا۔

بجلی مزید 2 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی۔بجلی صارفین قیمتوں میں مزید اضافے کیلئے ہوجائیں تیار۔ ڈسکوز نے بجلی مزید 2 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائرکردی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 15 نومبر کو سماعت کرے گا۔ قیمت میں اضافے کی صورت میں بجلی صارفین پر 42 ارب63 کروڑ40 لاکھ روپے کا بوجھ پڑے گا۔قیمت میں یہ اضافہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67619

وزیراعظم شہباز شریف نے 8 سے 12جولائی تک عیدالاضحی کی تعطیلات کی منظوری دیدی

Posted on

وزیراعظم شہباز شریف نے 8 سے 12جولائی تک عیدالاضحی کی تعطیلات کی منظوری دیدی

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعظم شہباز شریف نے 8 سے 12جولائی تک عیدالاضحی کی تعطیلات کی منظوری دیدی۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے جمعہ 8 جولائی سے منگل 12 جولائی تک عیدالاضحی کی تعطیلات کی منظوری دی ہے۔

حکومت نے وفاقی کابینہ کی حاجیوں کے لیے اعلان کردہ سبسڈی کی رقم وزارت مذہبی امور کو فراہم کردی ہے، وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور

مکہ مکرمہ(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور نے کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی کابینہ کی طرف سے حاجیوں کیلئے اعلان کردہ سبسڈی کی رقم وزارت مذہبی امور کو فراہم کردی ہے، حاجیوں کی وطن واپسی پر یہ رقم ان کے اکاونٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔ اتوار کو وہ یہاں پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اس موقع پر وزارت مذہبی امور کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری عالمگیر احمد خان، ڈی جی حج ابرار مرزا، ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی اور ڈائریکٹر ایف اینڈ سی سید مشاہد حسین سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج ابرار احمد مرزا اور ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حج انتظامات سمیت پاکستانی عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے حج مشن مکہ کے انتظامات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ ہم نے سب کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ حاجیوں کی خدمت اور حج انتظامات کے حوالے سے کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں ان کی خدمت ہی ہمارے لئے نجات کا باعث بنے گی۔ اس موقع پر حج مشن مکہ کے حکام کو انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانی حاجیوں کے جس سیکٹر میں بھی حج انتظامات میں جہاں بھی کوئی سقم نظر آئے اس کا فوری ازالہ کیا جائے۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے حج 2022 میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جس سبسڈی کا اعلان کیا تھا وہ رقم حکومت کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو منتقل کر دی گئی ہے،یہ رقم حاجیوں کی وطن واپسی کے بعد ان کے متعلقہ اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائے گی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63169

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ترکی، سٹرٹیجک تعلقات اور مضبوط اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر زور

Posted on

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ترکی، سٹرٹیجک تعلقات اور مضبوط اقتصادی شراکت داری کے فروغ پر زور

انقرہ(سی ایم لنکس)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کے مرکزی جزو کے طور پر مضبوط اقتصادی شراکت داری کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات محبت، پیار، مشترکہ زبان، ثقافت اور مذہبی ورثہ کی مضبوط بنیادوں پر کھڑے ہیں، پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرائن کے تنازعہ کے جلد از جلد حل کا خواہاں ہے۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔انقرہ میں صدارتی محل آمد پر صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، فہد حسین اور سینئر اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کا صدارتی کمپلیکس پہنچنے پر گارڈ آف آنر کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔دونوں رہنماؤں نے وفود کے بغیر ملاقات کی جس کے بعد فریقین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات محبت، پیار، مشترکہ زبان، ثقافت اور مذہبی ورثہ کی مضبوط بنیادوں پر کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے اور یہ دوستانہ تعلقات آئندہ نسلوں کو منتقل ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اعتماد، مفاہمت اور باہمی تعاون کے ذریعے منفرد رہے۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان ایسے سٹرٹیجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جس کا مرکزی نقطہ معاشی شراکت داری کو فروغ دینا ہو۔ اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون اور سٹرٹیجک اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے فروغ میں اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون (ایچ ایل ایس سی سی) ستمبر میں پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اس عمل میں مزید پیش رفت ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جون 2022ء میں ترکی کے تجارتی وفد کے خیر مقدم کا منتظر ہے۔ انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان بالخصوص پن بجلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ ترکی کی کمپنیوں کو موجودہ اور مستقبل کے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ترکی کی تنازعہ جموں و کشمیر پر غیر متزلزل اور اصولی موقف کی حمایت پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تنازعہ پر صدر رجب طیب اردوان کا موقف کشمیریوں اور پاکستانی عوام کیلئے باعث تقویت ہے۔انہوں نے اس منصفانہ جدوجہد کیلئے ترکی کی قیادت اور عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے اور خطے سے باہر امن اور سلامتی کیلئے ترکی کی شراکت داری کو سراہا اور ترکی کے اہم مفادات کے امور پر پاکستان کے تعاون اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ افغانستان سے متعلق شہباز شریف نے ترکی کی انسانی امداد اور تعمیری بات چیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے موجودہ چیلنجز بالخصوص انسانی بحران کی صورتحال اور معاشی بدحالی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مدد کرے گا اور افغان عوام کا ساتھ دے گا۔فریقین نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے روس اور یوکرائن تنازعہ کے سفارتی حل کیلئے مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے پر صدر طیب اردوان کی تعریف کی اور زور دیا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرائن کے تنازعہ کے جلد از جلد حل کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرائن تنازعہ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے تحفظ خوراک کے چیلنج پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملکر اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی 6 یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی ان میں سرکاری قرضوں کا انتظام، ایس ایم ای فنانسنگ، ہاؤسنگ کیلئے کریڈٹ گارنٹی انسٹیٹیوشن کے درمیان تعاون، نجی سرکاری شراکت داری ماڈلز بالخصوص ٹرانسپورٹیشن، صحت، معیشت اور سماجی پالیسی منصوبہ بندی میں نالج شیئرنگ اور ہائی وے انجینئرنگ میں تکنیکی تعاون کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کے فروغ سے متعلق مشترکہ وزارتی بیا ن سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ جس میں دونوں ممالک نے 3 سال کے دوران باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لیجانے کے ہدف کے حصول کا عزم کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مشترکہ لوگو جاری کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک میں یہ سالگرہ شایان طریقے سے منائی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے صدر طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے بھرپور استقبال کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لیجانے کیلئے قریبی رابطے پر اتفاق کیا۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
61906