The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

خیبرپختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی

Posted on

خیبرپختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نگران صوبائی کابینہ کے اراکین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اوروزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئر(ریٹائرڈ) سید مجتبیٰ ترمذی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز کی کنٹری منیجر ، کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز نے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے ” واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کی استعداد میں اضافہ اوردیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول ” کے منصوبے کے تحت آٹھ عدد واٹر ٹیسٹنگ موبائل لیبارٹریز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے کیں۔ علاوہ ازیں ایک عدد فیلڈ ٹریننگ وین بھی پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کے حوالے کی گئی۔

اس موقع پر تقریب کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد واٹر کوالٹی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی کمی کو دور کرنا ہے ۔ منصوبے کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی فراہمی کے علاوہ پہلے سے موجود لیبارٹریز میں آلات کی تنصیب ، لیبارٹریز کی عمارتوں کی اپگریڈیشن اور ریمانڈلنگ کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز میں کام کرنے والے عملے کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔اسی طرح منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر واٹر کوالٹی ڈیٹا منیجمنٹ کو مضبوط کرنے اور اس مقصد کے لئے وزرات ماحولیاتی تبدیلی کے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے کو مزید مو ¿ثر بنانے کے لئے منیجمنٹ انفارمیشن سافٹ وئیر بھی تیار کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کو موصول ہونے والی موبائل لیبارٹریز صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پانی کے معیار کی جانچ کے لئے بروئے کار لائی جائے گی۔ اس منصوبے سے مجموعی طور پر صوبے کی 50 فیصد سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے منصوبے کو بہتر انداز میںمکمل کرنے پر تمام متعلقہ حکام اور شراکت داروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور پارٹنر اداروں “کوریا انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی “اور” یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز”کے باہمی تعاون سے یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جو دیر پا ترقیاتی اہداف کے حصول اور ترقیاتی عمل میں درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں مشترکہ جدوجہد کی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کو ریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے مالی تعاون کی وجہ سے صوبے کے آٹھ اضلاع میں اب واٹر ٹیسٹنگ کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ ان لیبارٹریوں کے ذریعے نہ صرف پینے کے صاف پانی کے معیارکو یقینی بنایا جاسکے گا بلکہ قدرتی آفات یا پانی سے پیدا ہونے والے امراض کے دوران صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شراکت داروں کو مزید منصوبوں اور اقدامات کے ساتھ آگے آنے کی دعوت دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے باہمی تعاون اور کوششوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں باصلاحیت اور ہنر مند افرادی قوت موجود ہے ۔ ہم اپنے بیرونی شراکت داروں اور ممالک کو بھی ان کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افراد مہیا کرسکتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر عامر ندیم درانی اورکوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

chitraltimes water testing lab handed over to cm kp

سول  سیکرٹریٹ پشاور میں یادگار شہداء کا افتتاح بدست نگران وزیراعلیِ

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) سابقہ فاٹا (ضم اضلاع) کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے سابقہ فاٹا سیکرٹریٹ سے یادگار شہداءکو سول سیکرٹریٹ پشاور میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے یادگار شہداءکاباضابطہ افتتاح کیا ۔ نگران صوبائی کابینہ کے اراکین ، چیف سیکرٹری اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ضم اضلاع سے ملک صاحبان ، عمائدین علاقہ اور شہداءکے ورثاءنے تقریب میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ضم اضلاع کے عوام نے ملک و قوم کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہےں ، ان کے ہم پر بڑے احسانات ہےں ، خصوصی طور پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا اور باالخصوص ضم اضلاع کے لوگوں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ اس جنگ میں ضم اضلاع کے شہداءکی ایک طویل فہرست ہے جس میں علاقے کے ملک صاحبان، مشران، لیوی اور خاصہ دار فورس کے اہلکار اور عوام سمیت سب شامل ہیں۔ آج اگر ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں تو یہ انہی قربانیوں کا مرہون منت ہے ۔ حکومت سمیت پوری قوم ضم اضلاع کے لوگوں کی ان قربانیوں پر بجا طور فخر محسوس کرتی ہے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سابقہ فاٹا سیکرٹریٹ سے یادگار شہداءکی سول سیکرٹریٹ میں منتقلی کا مقصد بھی ضم اضلاع کے شہداءکو ایک بار پھر سے خراج عقیدت پیش کرنا،ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کرنا اور ان کی یادوں کو زندہ رکھنا ہے۔

سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھاکہ سابقہ قبائلی علاقے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری بدامنی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ وہاں پر زندگی کا ہر ایک طبقہ اور شعبہ مشکلات سے دو چار رہا ہے۔ اب وقت کا تقاضا ہے کہ ضم اضلاع کی پسماندگی اور وہاں کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے اور ان علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کےلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت مالی مشکلات کے باوجود ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی کےلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع کے مالی مسائل اور آئینی حقوق کا معاملہ وفاق کے ساتھ بھر پور انداز میں اٹھا رہی ہے اور نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ امید ہے کہ بہت جلد صورتحال میں بہتری آئے گی اور ہم ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کو کم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت نے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا اجراءکردیا ہے جس کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے بھی ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کرکے انہیں روزگار کےلئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ سید ارشد حسین نے اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ وہ ضم اضلاع کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کےلئے خصوصی طور پر وقت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس مقصد کے لئے خصوصی اجلاس منعقد کریں گے اور ضم اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کےلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

chitraltimes yadgar shuhada civil secreteriat pesh inagurated by cm jusitice irshad

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84529