The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 5 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

نیب کا عوام کو فراڈ اور جعلسازی سے محتاط رہنے کیلئے انتباہ

Posted on

نیب کا عوام کو فراڈ اور جعلسازی سے محتاط رہنے کیلئے انتباہ

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوام کو فراڈ اور جعلسازی سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کا انتباہ جاری کر دیا۔نیب نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سکیموں کی فائلوں کی خرید و فروخت سے اجتناب کریں اور اے ٹی ایم کارڈ بلاک ہونے کے جعلی پیغامات پر کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہ کریں۔قومی احتساب بیورو نے کرپٹو کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ، غیر قانونی ڈپازٹس اور پرائیویٹ لون ایپس کے ذریعے ہونے والے فراڈ سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔نیب کی جانب سے عوام کو زیادہ منافع یا غیر حقیقی انعامات کے وعدوں پر یقین نہ کرنے کی ہدایت، ملٹی لیول مارکیٹنگ، آن لائن لاٹری اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے جعلی پیغامات سے بھی ہوشیار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ فارن کرنسی کی آن لائن ٹریڈنگ، جعلی آن لائن ملازمت اور ویزوں کی پیشکش نو سربازوں کے حربے ہیں، شہری اپنے ذاتی یا بینک اکاؤنٹ کی معلومات، پاس ورڈ یا پن کوڈ کسی کو فراہم نہ کریں۔نیب کا کہنا ہے کہ زیادہ منافع کے لالچ میں آنے کے بجائے احتیاط برتیں کیونکہ احتیاط پچھتاوے سے بہتر ہے۔

ڈی چوک احتجاج: گرفتار 76 ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد کی عدالتوں نے ڈی چوک احتجاج کے نام پر گرفتار کیے گئے 76 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ڈی چوک احتجاج سے گرفتار پی ٹی آئی کے گرفتار 20 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔ 20 مظاہرین کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر20 مظاہرین کو عدالت پیش کیا گیا۔پولیس نے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور تمام 20 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے 56 ملزمان کو پیش کیا گیا۔ ملزمان کو شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد انسداد جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رْوبرو پیش کیا گیا۔تھانہ بنی گالا، تھانہ شہزاد ٹاؤن، تھانہ آئی نائن اور تھانہ ترنول کے تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔تھانہ بنی گالہ کے 18، تھانہ شہزاد ٹاؤن کے 8، تھانہ ترنول کے 20 اور تھانہ آئی نائن کے 10 ملزمان عدالت پیش کیے گئے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 20 بیس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ملزمان کے وکلاء انصر کیانی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ پولیس ان ملزمان کو احتجاج سے پہلے گھروں سے گرفتار کر چکی تھی، ملزمان سے کچھ بھی برآمد نہیں کرنا پولیس کو صرف نمبرز پورے کرنے ہیں۔عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 56 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
96735