The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 26 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

نریندر مودی – وزیرِاعظم یا بین الاقوامی مسخرہ – تحریر: کمال عبدالجمیل

نریندر مودی – وزیرِاعظم یا بین الاقوامی مسخرہ – تحریر: کمال عبدالجمیل

حال ہی میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف زمینی حقائق کو یکسر نظرانداز کیا بلکہ ایک بار پھر پاکستانی عوام کو دھمکانے کی ناکام کوشش کی۔ خود ساختہ “آپریشن سندور” کے قصے سناتے ہوئے مودی نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی عوام کو “گولی کھانی پڑے گی”—ایک ایسی للکار جو کسی سنجیدہ رہنما کی نہیں بلکہ ایک مداری کی زبان لگتی ہے۔

نریندر مودی سوشل میڈیا پر اپنے غیرسنجیدہ اور بے بنیاد بیانات کی بدولت اب محض ایک مزاحیہ کردار بن چکے ہیں۔ ان کی باتوں کو نہ صرف پاکستان بلکہ خود بھارت میں بھی اکثر مذاق ہی سمجھا جاتا ہے۔ ان کے حالیہ بیانات کو سُن کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ وزیرِاعظم کے منصب پر نہیں، کسی طنزیہ اسٹیج ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہوں۔

جب پہلگام واقعے کے بعد مودی نے بڑے فخر سے کہا کہ “پاکستانی عوام کی پریشانی یا بقول انکے ڈر کا باعث میں ہوں” تو یہ بات ان کے منہ سے نہیں بلکہ کسی مزاحیہ خاکے کے اداکار سے نکلتی تو شاید زیادہ موزوں لگتی۔ پاکستانی عوام نے اس “دعویٰ” کا جواب میمز، لطیفوں اور بے ساختہ طنز سے دیا۔ ہزاروں سوشل میڈیا پوسٹس نے مودی کو آئینہ دکھایا کہ ان کی دھمکیاں کس حد تک غیر مؤثر اور بچگانہ ہیں۔

مودی کا یہ دعویٰ کہ پاکستانی عوام “ڈر” کے سائے میں جی رہے ہیں، اس وقت خاک میں مل گیا جب 6 سے 10 مئی کے دوران بھارت کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ ڈرونز پاکستانی عوام کے لیے محض ایک فضائی تماشہ بن کر رہ گئے۔ نہ صرف ان ڈرونز کی وقعت کھلونوں سے کم ثابت ہوئی، بلکہ پاکستانی عوام نے اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے پوری صورتحال کو ایک قومی فخر کے لمحے میں بدل دیا۔

اور پھر وہ لمحہ جب مودی ڈونلڈ ٹرمپ کے قدموں میں گر پڑا تھا—یہ محض ایک عسکری ناکامی نہیں تھی بلکہ عالمی سطح پر سفارتی، سیاسی اور اخلاقی شکست کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ مودی کا چہرہ اب دنیا کے لیے ایک معاملہ فہم اور سنجیدہ رہنما کا نہیں بلکہ ایک خالص پراپیگنڈا فنکار کا بن چکا ہے، جس کا اصل ہنر جھوٹ بولنا، فریب بیچنا اور عوام کو دھوکہ دینا ہے۔

آج مودی ایک بار پھر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو للکارنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پچھلے چند ہفتوں میں بھارت کا جھوٹ، اس کی ڈرامہ بازی، اور پراپیگنڈا مشینری بری طرح بے نقاب ہو چکی ہے۔ پاکستانی عوام مودی کے بیانات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، لیکن اتنا ضرور کہتے ہیں کہ ان کے بیانات نے ہمیں ہنسی مزاح کے مواقع ضرور فراہم کیے ہیں۔

آخر میں، ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ بھارت کے پروپیگنڈا کے ذریعے ہمیں پتا چلا کہ لاہور میں ایک بندرگاہ ہے اور رحیم یار خان میں ایک ائیرپورٹ! شکر ہے کہ مودی سرکار نے ہمیں ہمارے ہی ملک کے “چھپے ہوئے” اثاثے دکھا دیے۔ شاید آئندہ ہمیں معلوم ہو جائے کہ کوہِ مری میں بحری بیڑہ کھڑا ہے

Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
110564