The Voice of Chitral since 2004
Friday, 6 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس، میزبان ‘کے نام سے ہوم اسٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس، میزبان ‘کے نام سے ہوم اسٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوامیں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر ‘میزبان ‘کے نام سے ہوم اسٹے ٹوارزم منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس منصوبے کے باضابطہ اجراءکے لیے رواں سال 15 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ 395 ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا، جس کے تحت سیاحتی اضلاع میں گھروں میں سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔یہ فیصلہ منگل کے روزوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کے اجلاس میں کیا گیا ۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب، ، سیکرٹری سیاحت بختیار خان، ڈی جی کے پی سی ٹی اے تاشفین حیدر اور محکمہ سیاحت کے دیگر متعلقہ حکام اجلاس میںشریک ہوئے ۔ اجلاس میں منصوبے پرعمل درآمد کے سلسلے میں مختلف اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحوں کو اپنے گھروں کے احاطوں میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند افراد کم سے کم دو کمرے تعمیر کریں گے یا پہلے سے دستیاب کمروں کی تزین و آرائش کریں گے۔ ان کمروں میں سیاحوں کے لئے واش رومزاور کچن کے علاوہ دیگر تمام سہولیات دستیاب ہونگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر یہ منصوبہ ضلع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جائے گا۔سیاحوں کی سہولیات کیلئے مقامی افراد کو دیئے جانے والے قرضے بینک آف خیبر کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے، قرضوں کی واپسی کی مدت پانچ سال ہوگی اور واپسی کا عمل قرضے لینے کے دوسرے سال سے شروع ہوگا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے منصوبے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ان مواقع کا موثر استعمال یقینی بنا کر نہ صرف صوبے کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے بلکہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہوم اسٹے ٹورازم صوبے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا بہترین منصوبہ ہے۔اس منصوبے سے صوبے کے روایتی مہمان نوازی کو بھی اُجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنائی جائے اور اگلے سیزن سے پہلے سیاحتی علاقوں کی شاہراہوں پر سیاحوں کے لئے واش رومز کی فراہمی کے منصوبے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیاحتی علاقوں میں قائم ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کیلئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے جس کے نتائج بھی سامنے آنے چاہئیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس مقصد کیلئے تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور نئے منصوبوں پر بلا تاخیر عمل درآمد شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنا ہوں گی ۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پورنے اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر نا معلوم افراد کی طرف سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پراہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ۔ اُنہوںنے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مالی معاونت کی جائے گی۔انسداد پولیو ٹیموں کو نشانہ بنانے والے ہمارے بچوں کے مستقبل کے دشمن ہیں۔انسداد پولیو ٹیموں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ اقدام ہے،حملے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے انسداد پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے،فرنٹ لائن پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکار ہمارے اصل ہیرو ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94893