The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 2 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

خیبر پختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کا اجراء، وزیراعلی نے پودا لگا کر مہم کا باضابطہ اجراء کردیا

خیبر پختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کا اجراء، وزیراعلی نے پودا لگا کر مہم کا باضابطہ اجراء کردیا

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم برائے سال 2025 کا اجراء کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بدھ کے روز وزیر اعلی ہاوس کے لان میں پودا لگا کر مہم کا باضابطہ اجراء کردیا۔ محکمہ جنگلات کے اعلی حکام نے مون سون شجرکاری مہم 2025 سے متعلق وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے تحت صوبہ بھر میں دس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے دوراں عام پودوں کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ 84 ہزار پھلدار پودے بھی لگائے جائیں گے۔

حکام نے مزید بتایا کہ پلان کے مطابق محکمہ جنگلات کے تحت سات لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جبکہ ڈھائی لاکھ سے زائد پودے لگانے کے لئے لوگوں میں تقسیم کئے جائیں گے، مہم کے تحت ملاکنڈ فارسٹ ریجن میں 3 لاکھ 67 ہزار، ناردن فارسٹ ریجن میں چار لاکھ 75 ہزار جبکہ سنٹرل ساوتھ فارسٹ ریجن میں ایک لاکھ 49 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا فروغ اور تحفظ ناگزیر یے، موجودہ صوبائی حکومت جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھارہی ہے،

اس سلسلے میں مون سون شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے، عوام سے اپیل ہے کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کو کامیاب بنائیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ شجرکاری ایک قومی فریضہ ہے، عوام اس کاوش میں حکومت کا پارٹنر بنیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سب کی مشترکہ کوششوں سے کلین اور گرین خیبر پختونخوا کے خواب کو بہت جلد حقیقت میں بدلا جاسکتا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
111916