خیبرپختونخوا کے عوام کو صاف اور صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پانچ مزید اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح کر دیا گیا
خیبرپختونخوا کے عوام کو صاف اور صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پانچ مزید اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح کر دیا گیا
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا کے عوام کو صاف اور صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت کا ایک اور اہم اقدام، پانچ مزید اسٹیٹ آف دی آرٹ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ افتتاح کے سلسلے میں منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿سپشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین ، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان کے علاو ¿ہ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام اور عالمی شراکت دار اداروں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز صوبے کے گنجان آباد اضلاع میںاشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کریں گی۔ ڈویژن کی سطح پر حلال فوڈ اتھارٹی کی سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پہلے ہی سے اشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ عوام کو صحت مند، صاف اور ملاوٹ سے پاک اشیائے خوردونوش کی دستیابی وزیر اعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ تقریباً 9 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی یہ لیبارٹریز جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔ان آلات میں ملک اینالائزر، آرسینک کٹ فار واٹر، ریفریکٹرو میٹر، موئسچر اینالائزر، ڈیجیٹل ریفریکٹرو میٹر، پی ایچ میٹر اورٹی ڈی ایس میٹر وغیرہ شامل ہیں۔ان لیبارٹریز کے ذریعے عوام کو گھر کی دہلیز پر دودھ، پانی، مصالحہ جات، چائے، نمک، شہد، آئس کریم، جوسز اور دیگر 24 اشیائے خوردونوش کا معیار جانچنے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میںاشیائے خوردونوش کی فوری ٹیسٹنگ کرنے اور تھرمل پرنٹر کے ذریعے فوری نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کئے جانے والے معائنوں کی رپورٹس اور دیگر معلومات آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے حکام کو بلا تاخیر موصول ہوتی ہے۔علاوہ ازیں ان لیبارٹریز کو پورٹیبل چیک پوسٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافے کا مقصد صوبے میں ملاوٹ کا خاتمہ اور عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے افتتاح کی تقریب سے خطاب کے دوران آئندہ سال جون تک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبز کو صوبے کے تمام اضلاع تک جبکہ اگلے مرحلے میں تحصیل تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ایک سنگین مسئلہ ہے ،اس کے مو ¿ثر تدارک لیے سخت اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم مسلمان ہونے کے باوجود اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کر رہے ہیں حالانکہ اسلامی تعلیمات میں ملاوٹ کے خلاف سخت تنبیہ کی گئی ہے۔ بحیثیت مسلمان ہمیں اپنی اصلاح اور اسلامی تعلیمات پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو ملاوٹ سے پاک صاف اور صحت مند اشیائے خوردونوش کی دستیابی کے لئے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی قابل تحسین ہے، فوڈ سیفٹی رجیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے ادارے کی استعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔پانچ مزید موبائل لیبز کے اس اقدام سے صوبے میں فوڈ سیفٹی رجیم کو مزید بہتر اور موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان لیبارٹریز سے نہ صرف لوگوں کو کھانے پینے کی صاف چیزوں کی دستیابی یقینی ہوگی بلکہ بے جا کسی کو تنگ بھی نہیں کیا جاسکے گا۔
وزیر اعلیٰ نے پشاور میں قائم ہونے والی اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو ایک ماہ میں فعال بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔ اس لیب کے فعال ہونے کے بعد صوبے میں تمام اشیائے خوردونوش کی رجسٹریشن کی جائے گی اور فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے رجسٹریشن اور این او سی کے بغیر صوبے میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز فروخت نہیں کی جاسکے گی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر حلال فوڈ اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت رزمک کیڈٹ کالج کے بورڈز آف گورنرز کا اجلاس
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت رزمک کیڈٹ کالج کے بورڈز آف گورنرز کا اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں کالج کی کارکردگی، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں، انتظامی و مالی امور، مسائل اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محکمہ ہائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اور خزانہ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ بورڈ کے دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ بورڈ اجلاس میں کالج کے اخراجات پورے کرنے کےلئے فیسوں میں اضافے کی تجویز دی گئی جس سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اتفاق نہیں کیا اور فیسوں کی مد میں کالج کا خسارہ صوبائی حکومت کی طرف سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں والدین پر مزید مالی بوجھ نہیں ڈال سکتے اضافی رقم صوبائی حکومت ادا کرے گی۔ اجلاس میں کالج کے انتظامی عملے کی اپگریڈیشن کی اصولی منظوری دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی اپگریڈیشن کی جزئیات طے کرے گی۔ اجلاس میں کالج کے بورڈ آف گورنرز کے لئے تین نن آفیشل ممبرز کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآں ، وزیر اعلیٰ نے رزمک کیڈٹ کالج کو سولر سسٹم ، تین کوسٹر گاڑیاں اور ایک ایمبولینس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ کالج میں نئے آڈیٹوریم اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کے منصوبے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ بورڈ اجلاس میں کالج کو درکار ضروری عملے کی تعیناتی کے لئے نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔
