20 سے 23 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے حفاظتی ہدایات جاری کر دیں
20 سے 23 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے حفاظتی ہدایات جاری کر دیں
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے محکمہ موسمیات کی جانب سے 20 سے 23 جون 2025 کے دوران ملک بھر، بشمول خیبر پختونخوا، میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر جمعرات کے روز ایک اہم موسمی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ ایک مغربی ہوائی سلسلے کا بھی 20 جون سے 23 جون کے دوران خطے میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور قیمتی انسانی جانوں، انفراسٹرکچر، فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس ضمن میں تمام اضلاع کو تفصیلی حفاظتی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں تاکہ بروقت اور مربوط ردعمل کو ممکن بنایا جا سکے۔پی ڈی ایم اے نے قومی و صوبائی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں اور شہریوں کو ممکنہ موسمی خطرات سے خبردار کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔اتھارٹی نے تمام اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری رابطے کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) سے رابطے میں رہیں، جو چوبیس گھنٹے فعال ہے۔مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے حوالے سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع یا رہنمائی کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔پی ڈی ایم اے نے مون سون سیزن کی آمد کے پیش نظر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے پیشگی، فعال اور مربوط حکمت عملی اپنانے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں خلیج بنگا ل اور بحیرہ عرب سے ملک کے با لائی /وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اورمغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی20 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے ۔جس کے باعث:
• 20سے23 جون کے دوران : کشمیر، گلگت بلتستان ،مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر سوات، مالاکنڈ، بٹ گرام شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ۔اس دوران چند مقامات پر تیز بارش/ژالہ باری کی بھی توقع ہے،
• 21سے23 جون کے دوران: ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے
• 22 سے24 جون کے دوران: سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:
• اسلام آباد سمیت بالائی/وسطی حصوں میں آندھی/جھکڑ / گرج چمک اور تیز/ موسلادھار بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے
• • اس دوران موجودہ شدید گرمی میں کمی کا امکان ہے۔،
• کاشت کار حضرات اپنی فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔
• عوام الناس مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ ۔
• اس دوران لاہور، گوجرانوالہ ،راولپنڈی/اسلام آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ۔
تمام متعلقہ اداروں کو ” الرٹ “رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے