صوبائی حکومت نے معدنی وسائل کی بہترین مینجمنٹ اور ایکسپلوریشن کے لیے اپنی مائننگ کمپنی بنا لی ہے تاکہ معدنی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
صوبائی حکومت نے معدنی وسائل کی بہترین مینجمنٹ اور ایکسپلوریشن کے لیے اپنی مائننگ کمپنی بنا لی ہے تاکہ معدنی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت نے معدنی وسائل کی بہترین مینجمنٹ اور ایکسپلوریشن کے لیے اپنی مائننگ کمپنی بنا لی ہے تاکہ معدنی وسائل کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔اسی طرح صوبے میں مائننگ کے لیے جدید مشینری، ٹیکنالوجی اور طریقہ کار متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے تاکہ معدنی وسائل کی مائننگ میں کوئی چیز ضائع نہ ہو۔صوبائی حکومت معدنیات کی بہترین مینجمنٹ کے ذریعے ہی صوبائی آمدن میں اضافہ کر رہی ہے جو صوبے کو مالی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مختلف سیمنٹ فیکٹریز کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیمنٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل، انکے حل اور صوبے میں سیمنٹ انڈسٹری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فی ٹن سیمنٹ رائلٹی 250 روپے سے بڑھا کر 350 روپے کرنے اور رائلٹی میں ابتدائی دو سال تک 10 فیصد جبکہ اگلے تین سال تک 7.5 فیصد اضافہ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں سیمنٹ انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اسکے علاو ¿ہ وزیر اعلیٰ نے وفد کو جپسم، پلیسر گولڈ ، معدنی مصنوعات کی صوبے میں ویلیو ایڈیشن میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں جپسم سمیت دیگر اہم معدنیات کا پوٹینشیل موجود ہے جسے ایکسپلور کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت معدنی مصنوعات کی صوبے میں ہی ویلیو ایڈیشن کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے وفد کو صوبائی پاور ٹرانسمشن لائن کی تعمیر میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ حکومت مقامی بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی صوبائی ٹرانسمشن لائن کے ذریعے صنعتوں کو رعائتی نرخوں پر فراہم کرے گی کیونکہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کی مائننگ اور ٹرانسمشن لائن کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت کا خیر مقدم کیا اور خیبر پختونخوا میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہارکیا۔
