The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 3 June 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد کا اسلام آباد کا دورہ، وفاقی قیادت سے اہم ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے بڑے اعلانات

Posted on

مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد کا اسلام آباد کا دورہ، وفاقی قیادت سے اہم ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے بڑے اعلانات

اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے، جس کی قیادت صدر مسلم لیگ (ن) چترال لوئیر عبدالولی خان ایڈو کیٹ کر رہے تھے، ایک ہفتے پر مشتمل دورے کے دوران اسلام آباد میں وفاقی وزراء، وزیرِ اعظم کے مشیروں اور اعلیٰ سرکاری حکام سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد چترال کے دیرینہ ترقیاتی مسائل، عوامی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق امور کو اعلیٰ سطح پر اجاگر کرنا تھا۔

دورے کے دوران وفد نے تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انفراسٹرکچر، توانائی منصوبوں اور مجموعی سماجی و معاشی ترقی جیسے اہم شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر سے ملاقات میں تعلیمی اداروں کی کمی، فنی تربیت کے مواقع اور اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے فقدان کی نشاندہی کی، جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے عید کے بعد چترال کا دورہ کرنے اور مسائل کے عملی حل کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کیا۔

chitraltimes pmln chitral delegation lead by abdul wali khan adv meeting with federal ministers 1

وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر احمد عثمانی نے وفد کو یقین دلایا کہ گیس پلانٹس، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر وزیرِ اعظم آفس براہِ راست نگرانی کرے گا اور چترال کے لیے سیاسی و انتظامی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

chitraltimes pmln chitral delegation lead by abdul wali khan adv meeting with federal ministers 5

وفد نے وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے ملاقات میں پیسکو اور نادرا سے متعلق مسائل، بجلی کے ٹرانسفارمرز کی قلت، ہائی ٹینشن اور لو ٹینشن پولز کی کمی اور نادرا کی عوامی خدمات میں تاخیر جیسے امور اٹھائے۔ وفاقی وزیر نے فوری طور پر سی ای او پیسکو اور ڈی جی نادرا کو ہدایات جاری کیں کہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور مسلم لیگ (ن) چترال کی قیادت سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے مطلوبہ ٹرانسفارمرز اور پولز کی فوری فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔

chitraltimes pmln chitral delegation lead by abdul wali khan adv meeting with federal ministers 6

چیئرمین وزیراعظم انسپکشن ٹیم بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رنجھا سے ملاقات میں لواری ٹنل اپروچ روڈ اور کالاش ویلیز روڈ پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ چترال–شندور روڈ اور گرم چشمہ روڈ پر برف ہٹتے ہی تعمیراتی کام تیز کرنے اور عید کے بعد چترال کے دورے کا اعلان کیا گیا۔

chitraltimes pmln chitral delegation lead by abdul wali khan adv meeting with federal ministers 3

وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے ملاقات کے دوران پی ٹی وی پشاور میں کھوار زبان پروڈیوسر آفس کے قیام کی منظوری حاصل کی، جسے چترال کی زبان و ثقافت کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی ملاقات میں دانش اسکول منصوبے کی تعمیر دسمبر تک مکمل کرنے اور آئندہ سال اسے فعال کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔

دریں اثنا چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود سے ملاقات میں چترال کے نوجوانوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت چترال کے تمام یونیورسٹی گریجویٹس کو وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم سے مستفید کیا جائے گا، نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی اور سرکاری اسکولوں کو کروم بک منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے عید کے بعد وزیراعظم کے ہمراہ چترال کے دورے کا بھی اعلان کیا جو وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی کا مظہر ہے۔

chitraltimes pmln chitral delegation lead by abdul wali khan adv meeting with federal ministers 4

آخر میں مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت کا چترال جیسے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کو خصوصی ترجیح دینے، ترقیاتی منصوبوں میں سنجیدگی اور مسلسل تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے یہ اقدامات چترال کی مجموعی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
117715