مسلم لیگ (ن) اپر چترال کا اہم اجلاس، آئندہ انتخابات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
مسلم لیگ (ن) اپر چترال کا اہم اجلاس، آئندہ انتخابات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
بونی (رپورٹ شہزاد احمد) بونی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہفتے کے روز مسلم لیگ (ن) اپر چترال کے ضلعی اور تحصیلی عہدیداران کا ایک اہم اجلاس سابق ایم پی اے سید احمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی و تحصیل سطح کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔
شرکاء میں پرنس سلطان امیر (سینئر رہنما)، عارف اللہ (نائب صدر)، محمد اعظم (سینئر نائب صدر)، سلطان ملک (جنرل سیکرٹری)، پرویز لال (سینئر نائب صدر) اور جاوید لال (صدر تحصیل مستوج) شامل تھے۔
اجلاس کا ایجنڈا آئندہ عام انتخابات اور ممکنہ امیدوار کے انتخاب سے متعلق مشاورت پر مبنی تھا۔ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اپر اور لوئر چترال کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی امیدوار کے انتخاب کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ممکنہ چترال آمد کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ وزیراعظم کو اپر چترال کے دورے کی دعوت دی جائے تاکہ وہ علاقے کے مسائل خصوصاً گندم میں سبسڈی کے معاملے کو خود ملاحظہ کر سکیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر سکیں۔
اجلاس کے آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 23 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔مزید کہا گیا کہ پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے ضلعی سطح پر تنظیمی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے گا۔

