The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 8 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ، ن لیگ کی اراکین نے نظرثانی اپیل دائر کردی

Posted on

مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ، ن لیگ کی اراکین نے نظرثانی اپیل دائر کردی

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر ن لیگ کی 3 خواتین ارکان نے نظرثانی اپیل دائر کردی۔سپریم کورٹ میں ن لیگ کی جانب سے نظرثانی اپیل ہما اختر چغتائی، ماہ جبین عباسی اور سیدہ آمنہ بتول نے دائر کی۔ نظرثانی اپیل میں سنی اتحاد کونسل اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر دائر کی گئی نظر ثانی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کا مخصوص نشستوں کیلئے فہرست جمع نہ کرانا تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ پورا کیس سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق تھا۔ اپنی مرضی سے سنی اتحاد کونسل میں جانے والے 41 ارکان کو پارٹی تبدیل کرنے کیلئے 15 دن دینا آئین کو دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون میں طے کردہ اصول سے ہٹ کر نیا طریقہ نہیں اپنایا جا سکتا ہے۔ اکثریتی فیصلہ آئین کے تحت نہیں ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 12 جولائی کے مختصر اکثریتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر، ارکان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)چیف الیکشن کمشنر اورالیکشن کمیشن کے ارکان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کردی گئی۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کے خلاف شکایت حلیم عادل شیخ، جسٹس (ر) نورالحق قریشی اور شبیر احمد نے مشترکا طور پر دائرکی۔ شکایت بذریعہ ڈاک بھجوائی گئی۔شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی برطرفی کی سفارش کی جائے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
91105