محکمہ صحت نے صوبے میں کورونا وائرس کے ممکنہ کیسز کے پیش نظرعلیحدہ ہسپتال مختص کر دیا
پولیس اینڈ سروسز ہسپتال میں نیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈی جی ہیلتھ
بونی (چترال ٹائمزرپورٹ ) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں کورونا وائرس کے ممکنہ کیسز کے پیش نظر علیحدہ ہسپتال مختص کردیا ہے۔تاکہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا اور اس کا تدارک کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور مشتبہ مریضوں کے علاج کے لیے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال پشاور کو مختص کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مذکورہ ہسپتال میں کورونا وائرس کے لیے نیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ہسپتال میں آنے والے مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کے لیے قوی ادارہ برائے صحت (NIH) اسلام آباد کو بھیجے جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق ہسپتال میں کورونا وائرس کے علاج کے پیش نظر ایمرجنسی اور دیگر روزمرہ صحت سہولیات کی فراہمی روک دی گئی۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں روزمرّہ علاج کے لیے آنے مریضوں کو شہر کے دیگر سرکاری ہسپتالوں سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔