The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 30 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وفاقی وزارتوں میں 376 کھرب روپے سے زائد مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

وفاقی وزارتوں میں 376 کھرب روپے سے زائد مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام ا ٓباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزارتوں اور محکموں کی 2024،25 کی مجموعی آڈٹ رپورٹ میں 376 ٹریلین روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پیپرا قواعد کی خلاف ورزیوں سے 284 ٹریلین روپے کی بے ضابطگیوں اور سسٹم کی خرابی کے باعث 790 ارب روپے کے ٹیکس گیپ کی نشاندہی کی گئی۔ واجبات کی عدم وصولی اور گردشی قرضے کے تصفیے میں ناکامی سے بھی سیکڑوں ارب روپے کا نقصان ہوا۔آڈٹ رپورٹ کے 4 ہزار 879 صفحات کا ایک ایک صفحہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور اہلیت پر سوالیہ نشان بن گیا۔ 2024، 25 میں مجموعی طور پر 376 کھرب روپے کی مالی بے ضابطگیاں پکڑی گئیں۔رپورٹ کے مطابق پیپرا رولز کی خلاف ورزیوں کے ذریعے 284 ٹریلین روپے کی بے ضابطگیاں سامنے ا?ئیں۔ ناقص اور نامکمل سول ورکس کے باعث 85 ٹریلین روپے کا نقصان ہوا۔ واجبات اور ریکوری کے مسائل نے ڈھائی ٹریلین روپے کا بوجھ ڈالا جبکہ صرف سرکلر ڈیٹ کے تصفیے میں ناکامی سے بارہ سو ارب روپے کا خسارہ ریکارڈ ہوا۔قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 958 ارب روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

کمزور اندرونی کنٹرولز نے 677ارب کا نقصان پہنچایا جبکہ ناقص اثاثہ جات منیجمنٹ سے 678ارب روپے ڈوب گئے۔ کنٹریکٹ منیجمنٹ کے مسائل 280ارب روپے کے نقصان کا باعث بنے۔سروس ڈلیوری اور ویلیو فار منی میں کمزوریوں کے باعث73ارب روپے ضائع ہوئے۔ حکومتی حصص کی عدم وصولی سے 47 ارب اور زمینوں پر قبضے و غیر قانونی استعمال سے 44 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ زائد ادائیگیوں، غیر مجاز اخراجات اور ریکوری کی کمی نے مزید اربوں روپے کا بوجھ ڈالا۔سسٹم کی خرابی کے باعث790ارب کیٹیکس گیپ کی بھی نشاندہی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق غیر محتاط سرمایہ کاری، ریونیو کی کم وصولی، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی خامیوں اور بینک اکاؤنٹس کی ناقص منیجمنٹ سے بھی بھاری مالی نقصانات ہوئے۔ بعض اداروں کی جانب سے آڈٹ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر 8 ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگی نوٹ کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ نے یہ بھی ظاہر کیا کہ کرپشن اور عوامی پیسے کی خردبرد کے باعث ساڑھے 6 ارب روپے کا براہِ راست نقصان ہوا۔

……………………

 6 سے 12 مئی تک شاہریز چترال میں تھے، کل میرے بیٹے کو اٹھا لیا گیا، ہم ایسی چیزوں سے ڈرنے والے نہیں، علیمہ خان

لاہور(سی ایم لنکس) انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کا نو مئی کیس میں پولیس کی درخواست پر 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا جبکہ پولیس نے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو بھی گرفتار کر لیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ خان کو ان کی رہائش گاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا، گرفتاری سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے کی جبکہ ان کے ساتھ پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔قبل ازیں عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز عظیم کو 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گزشتہ روز لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔شاہ ریز عظیم کو آج لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو 9 مئی کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمنی بیان میں نامزد کیا گیا، ملزم کو کل گرفتار کیا، جس سے فون اور دیگر چیزیں ابھی ریکور کرنی ہیں۔ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا کہ 27 ماہ گزر گئے، پولیس کو اب ان کے ملوث ہونے کا پتہ چلا؟ ضمنی بیان ڈیڑھ ہزار مرتبہ عدالت میں پڑھا گیا کہیں یہ نام نہیں، کل بانی کی ضمانت ہوئی اور شام کو یہ ان کے بھانجوں کو گرفتار کرنے پہنچ گئے، بدنیتی واضح نظر آرہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہ ریز عظیم عالمی لیول کے سپورٹس مین ہیں، کئی بار یہ ملک سے باہر گئے واپس آئے، کبھی کسی مقدمہ میں طلب نہیں کیا گیا، 6 سے 13 مئی تک یہ چترال میں تھے، انہیں فی الفور نہ صرف رہا کیا جائے بلکہ ڈسچارج کیا جائے

۔سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے آرڈر دے رکھا ہے کہ اتنی دیر بعد جب آپ ملزمان کو نامزد کرتے ہیں تو اس میں بدنیتی نظر آتی ہے، ان کی والدہ کو آپ پہلے بھی ڈسچارج کرچکے ہیں۔دوسری طرف پولیس نے شاہ ریز عظیم کا 30 دن کا ریمانڈ طلب کیا، جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ 30 دن کا ریمانڈ مانگ رہے ہیں جو زیادتی ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ضمنی کی فائل آجائے تو دیکھتا ہوں، پولیس نے شاہ ریز کے خلاف جناح ہاؤس کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، ڈی ایس پی لیگل نے بتایا کہ ملزم شاہ ریز جناح ہاؤس کیس کے علاوہ کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں۔عدالت نے ریکارڈ دیکھنے اور دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، بعدازاں عدالت نے پولیس کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
113251