صوبہ خیبر پختونخوا میں شادی ہال رات 10 بجے اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے تک بند کرنے کو یقینی بنایا جائے گا
صوبہ خیبر پختونخوا میں شادی ہال رات 10 بجے اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے تک بند کرنے کو یقینی بنایا جائے گا
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ملکی سطح پر توانائی کے بحران کے تناظر میں توانائی کی بچت کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی شادی ہال رات 10 بجے تک اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے تک بند کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کے ارسال کردہ مراسلہ کی رو سے تمام صوبائی محکموں، کمشنروں اور ڈپٹی کمشنر وں کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں اس حوالے سے عمل درآمد کے لئے جاری کردہ منصوبے کے مطابق سٹریٹ لائٹس کے لیے متبادل سوئچنگ بلڈنگ کوڈ میں ہاؤسنگ سوسائٹیز اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز کو توانائی کی بچت کے حوالے سے امور شامل کرنے، غیر معیاری پنکھوں کے بنانے پر یکم جولائی23 20 تک پابندی لگانے اور ڈیوٹی بڑھانے، یکم فوری 2023 سے incandescent بلب بنانے کا سلسلہ ختم کرنے، ڈیوٹی بڑھانے اور نئے گیس گیزرز میں کونیکل بفلز(conical baffles)لازمی نصب کرنے اور پرانے گیزرز میں ایک سال کے اندر پرانے گیس گیزر میں کونیکل بفلز نصب کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت صنعت کو ای بائیکس مینوفیکچرز پر ڈیوٹی ختم کرنے اور پہلے مرحلے میں بڑے شہروں میں چارجنگ کیوسکس (kiosks) قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پیمرا کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر توانائی بچانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کے لئے عمل در آمد پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی، کابینہ کے فیصلے کے تحت متعلقہ وفاقی حکام کو توانائی کی بچت کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے ضروری اقدامات اور پیمرا کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔