قاری فیض اللہ چترالی کا بونیر میں سیلاب سے متاثرہ سادات خاندانوں کے ساتھ خصوصی امداد، غذر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور امداد کا بھی اعادہ
قاری فیض اللہ چترالی کا بونیر میں سیلاب سے متاثرہ سادات خاندانوں کے ساتھ خصوصی امداد، غذر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور امداد کا بھی اعادہ
بونیر (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کی معروف سماجی و دینی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی نے دوسرے دن بھی بونیر میں حالیہ سانحے سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور متاثرین میں نقد مالی امداد تقسیم کی۔
رپورٹ کے مطابق قاری فیض اللہ نے بونیر کے دور دراز علاقہ چغرزئ میں گزشتہ شب قیام کیا اور آج یہاں ایک نئی جامع مسجد کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر 70 متاثرین میں نقد امداد بھی تقسیم کیے گئے۔
بعد ازاں قاری فیض اللہ چترالی نے ان سادات خاندانوں سے ملاقات کی جنہیں حالیہ سانحے میں بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان خاندانوں میں 22 اموات ہو چکی ہیں، جبکہ ان کے مکانات اور زمینات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ قاری نے اس موقع پر متاثرہ سادات خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے انہیں خصوصی مالی معاونت پیش کی۔
بعد ازاں قاری فیض اللہ گانشال ٹاپ پہنچے جہاں متاثرین عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔ یہاں 40 مزید افراد میں نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔
یاد رہے کہ اپنے دورے کے پہلے دن قاری نے ایک شہید مسجد کی دوبارہ تعمیر کے لیے بھی امداد فراہم کی تھی۔
قاری کے ہمراہ اس دورے میں خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان اور سابق امیر جمعیت علمائے اسلام چترال مولانا عبدالرّحمٰن بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بونیر میں سیلاب متاثرین کی امداد کے بعد قاری فیض اللہ چترال اور غذر جائیں گے اور وہاں کے سیلاب متاثرین میں بھی امداد تقسیم کریں گے۔

