The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

صوبے کے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت  نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت فلیگ شپ پروگرام ڈیجیٹل اسکلز انیشیٹو کا اجرا کردیا  

صوبے کے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت  نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت فلیگ شپ پروگرام ڈیجیٹل اسکلز انیشیٹو کا اجرا کردیا

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبے کے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اور اہم اقدام، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت فلیگ شپ پروگرام ڈیجیٹل اسکلز انیشیٹو کا اجرا کردیا گیا۔ اس سلسلے میں منگل کے روز وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں  وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے پروگرام کا باضابطہ اجراء کیا۔ معاون خصوصی برائے سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کے علاؤہ سیکرٹری ایس ٹی آئی ٹی امجد علی خان ، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ اور ڈاکٹر عاکف کے علاؤہ محکمہ ایس ٹی آئی ٹی کے دیگر حکام اور ٹریننگز کے لیے منتخب سٹوڈنٹس بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق، پروگرام کے تحت صوبے کے کل 27,450 نوجوانوں کو عالمی معیار اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ڈیجیٹل اسکلز سکھائے جائیں گے جبکہ  2,888 گریجویٹس کو گلوبل سرٹیفیکیشن کے لیے سکالر شپس فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاؤہ گریجویٹس کی کیرئیر کونسلنگ اور مینٹورشپ بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 6,000 سے زائد نوجوانوں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں جن میں سے  ایک صاف اور شفاف طریقے سے میرٹ پر پہلے بیچ میں 1,268 نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔  نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز سکھانے کے لئے مسابقتی عمل کے ذریعے تربیتی شراکت داروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت گریجویٹس کو 24 مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل اسکلز سکھائے جائیں گے۔ ان شعبوں میں آرٹیفیشل اینٹیلجنس،  کلاوڈ کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی،  کمپیوٹر نیٹ ورکنگ، گرافک ڈیزائننگ، گیم ڈیویلپمنٹ،  سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور دیگر شامل ہیں۔ معیار اور جوابدہی یقینی بنانے کے لیے ہر فرم کے لئے ایک مضبوط مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد ہنر مند نوجوانوں کی ایسی کھیپ تیار کرنا ہے جو مقامی صنعتوں کے ساتھ ساتھ عالمی فری لانس مارکیٹ میں بھی ملازمتیں حاصل کر سکیں۔ تقریب سے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”  اس اہم اور فلیگ شپ پروگرام کے اجراء پر آئی ٹی بورڈ کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے لئے منتخب ہونے والے گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم اپنے نوجوانوں کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں” ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ محض ڈیجیٹل اسکلز کا پروگرام نہیں بلکہ نوجوانوں کی مالی خود کفالت اور ان کے بہتر مستقبل کی بنیاد ہے، اس وقت بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل اسکلز کے شعبے میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں،  ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرکے ہم اپنے نوجوانوں کو خود روزگار بنا سکتے ہیں۔ صوبائی حکومت کا ڈیجیٹل اسکلز پروگرام اس سلسلے میں ایک سنگ میل ہے،  پروگرام کے تحت گریجویٹس کو نہ صرف ڈیجیٹل اسکلز سکھائے جائیں گے بلکہ انکو ملازمتیں بھی دی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سسٹم کو مضبوط بنانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹائزیشن بے حد ضروری ہے،موجودہ  صوبائی حکومت سرکاری امور اور عوامی خدمات کی ڈیجیٹائزیشن پر تیزی سے کام کر رہی ہے، صوبے میں 29 عوامی خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے جبکہ  عنقریب صوبائی حکومت کی ساری خدمات کو ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔  ہم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کو ڈیجیٹیل اور مثالی صوبہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کی امید ہیں، قوم کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔

ہم نوجوانوں کو بھر پور مواقع فراہم کریں گے اور  نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف اپنا مسقبل روشن بنائیں بلکہ قومی ترقی میں بھی کردار اد کریں۔ نوجوان زندگی میں کامیابی کے لئے محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل کریں اور اپنے مقصد سے جڑے رہیں اور عزم کے ساتھ محنت کریں۔ زنگی میں وہی کامیاب ہوتا ہے جو دوسروں کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے، آپ کی کامیابی صرف آپ کی نہیں بلکہ آپ کے خاندان اور پوری قوم کی کامیابی ہے۔  نوجوان اپنی سوچ اور رویوں  کو مثبت رکھیں اور مسابقتی طرز عمل کو فروغ دیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے  ورلڈ بینک کی پاکستان میں تعینات کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابزار کی قیادت میں ایک وفد کی وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے منگل کے روز ورلڈ بینک کی پاکستان میں تعینات کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابزار کی قیادت میںایک وفد نے وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی جس میں صوبے میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے متعلق گفتگو کی گئی۔ رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور کے علاؤہ صوبائی حکومت اور ورلڈ بینک کے دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں صوبائی حکومت اور عالمی بینک کے درمیان مستقبل میں شراکت داری اور تعاون کے دیگر مواقع پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور مختلف سماجی شعبوں میں اشتراک کار اور تعاون کے دائرے کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وفد نے سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف سماجی شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ہم سماجی شعبوں میں ورلڈ بینک کے ساتھ تعاون اور اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ صوبائی حکومت اپنے پوٹینشل سیکٹرز بشمول پن بجلی، مواصلات، معدنیات، زراعت، آبی وسائل اور سیاحت میں سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

صوبائی حکومت کو ان سیکٹرز میں بین الاقوامی اداروں کی سرمایہ کاری اور تعاون کی ضرورت ہے،صوبائی حکومت کا سالانہ ترقیاتی پروگرام ورلڈ بینک کے نئے ڈیویلپمنٹ پورٹ فولیو سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کلائمیٹ چینج، ائیر کوالٹی، اسٹنٹ گروتھ، صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں پر فوکس کر رہی ہے، پہلی دفعہ صوبے میں کلائمٹ ایکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور

بہت جلد کلائمیٹ ریزئیلئنس بورڈ تشکیل دیا جائے گا ۔اسی طرح وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے اپنے گریجویٹس کو تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرامز شروع کئے ہیں جنکا مقصد بین الاقوامی جابز مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند ورک فورس تیار کرنا ہے۔ وزیراعلی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، صوبے میں معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ اس مقصد کےلئے صوبائی حکومت اپنی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے سی آر بی سی کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

صوبائی حکومت خود بھی اس منصوبے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ پشاور ڈی آئی خان موٹروے کا منصوبہ انتہائی قابل عمل اور منافع بخش منصوبہ ہے، صوبائی حکومت کو ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے ورلڈ بینک کی شراکت کی ضرورت ہے۔ حالیہ سیلابوں سے صوبے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے،تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز مکمل کرکے اب بحالی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے تمام متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کا سارا عمل ایک شفاف طریقے سے مکمل کر لیا ہے۔ انفراسٹرکچرکی بحالی کے عمل میں صوبائی حکومت کو بین الاقوامی شراکت داروں کا تعاون درکار ہے،متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی نظام کی بحالی کے لئے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری رورل ایکسسیبیلٹی پراجیکٹ کے تیسرے مرحلے پر بروقت کام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے،جبکہ حکومت کو اس سلسلے میں ورلڈ بینک کے تعاون کی ضرورت ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت اپنی آمدن بڑھا کر معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،صوبائی حکومت نے بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی کے لئے ڈیبٹ منیجمنٹ فنڈ قائم کیا اور گزشتہ 17 مہینوں کے دوران اس فنڈ میں 190 ارب روپے جمع کئے گئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پاک فوج کے میجر عدنان اسلم کی شہادت پر عقیدت کا اظہار

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پاک فوج کے میجر عدنان اسلم کی شہادت پر عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ میجر عدنان اسلم گذشتہ دنوں بنوں میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہو گئے تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ وزیر اعلیٰ نے منگل کے روز یہاں سے جاری تعزیتی پیغام میں شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہم ملک و قوم کے لئے جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کا انتہائی جوانمردی سے مقابلہ کیا،پوری قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
113786