چترال کے مختلف علاقوں تک فائبر آپٹک براڈبینڈ توسیع کی درخواست وزارتِ آئی ٹی کو ارسال، سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین
چترال کے مختلف علاقوں تک فائبر آپٹک براڈبینڈ توسیع کی درخواست وزارتِ آئی ٹی کو ارسال، سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر مبنی ٹورکھو تک فائبر آپٹک براڈبینڈ کے منصوبے کی درخواست وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بھجوا دی گئی ہے، جس نے اسے فنڈنگ اور عمل درآمد کے لیے یونیورسل سروسز فنڈ (USF) کے حوالے کر دیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اس درخواست میں چترال کے اہم علاقوں میں فائبر آپٹک نیٹ ورک کی توسیع کی تجویز شامل ہے، جس کے تحت ارندو سے چترال کے تمام بڑے وادیوں تک فائبر آپٹک کوریج فراہم کی جائے گی۔ اس میں دریائے چترال کے مغربی کنارے پر واقع پٹی، سویروسیاک، آیون، اورگوچ، شیشی کوہ، ماکدکلاشت، کالاش وادیاں، کریما آباد، گروم چشمہ اور آرکیری کے علاقے شامل ہیں۔
مزید برآں، لوٹ اویر، لونے، گوہکر، کوشت، مودر، واریجن، ملکھو، کوشوم، نشکوہ اور تیریچ کے درمیانی علاقوں میں بھی فائبر آپٹک نیٹ ورک کی توسیع کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لاسپور (گشت، رامان، بروک، بالیم، ہارچن، سورلاپور)، یارخون وادی اور کوہ کے متعدد دیہات کو بھی فائبر آپٹک نیٹ ورک میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
شہزادہ افتخارالدین نے کہا کہ ان منصوبوں سے آئی ٹی سیکٹر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ طلبہ اور نوجوانوں کو آن لائن تعلیم، ملازمتوں اور سرکاری خدمات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ اس سے چترال کے بالائی و زیریں علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ایک مضبوط درمیانی طبقہ تشکیل پائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ آئی ٹی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کاروباری ماحول اور ڈیجیٹل مواقع کو فروغ دینے کے لیے سازگار پالیسیاں اپنائے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے یونیورسل سروسز فنڈ (USF) کے ذریعے مناسب فنڈز کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ فائبر آپٹک انفراسٹرکچر میں توسیع اور براڈبینڈ اسپیڈ میں بہتری ممکن ہو سکے۔
