لوئر چترال میں ٹریفک پولیس کی غیر قانونی فلیش لائٹس اورسائلینسرز کے خلاف مؤثر کارروائی
لوئر چترال میں ٹریفک پولیس کی غیر قانونی فلیش لائٹس اورسائلینسرز کے خلاف مؤثر کارروائی
چترال (نمائندہ چترا ل ٹائمز) لوئر چترال میں ٹریفک وارڈن پولیس نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر غیر قانونی فلیش لائٹس اور سلنسرز کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ کی خصوصی ہدایت پر انچارچ ٹریفک وارڈن پولیس اے ایس آئی جنگ باز خان کی سربراہی میں یہ خصوصی مہم مختلف مقامات پر جاری ہے۔
ٹریفک وارڈن پولیس نے اہم چیکنگ پوائنٹس پر ناکہ بندی کر کے متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تلاشی لی، جس دوران غیر قانونی فلیش لائٹس اور تیز آواز والے سلنسرز کو موقع پر ہی اتار دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم عوامی شکایات اور ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے عوامل کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی ہے، تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے اور شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ٹریفک وارڈن پولیس نے واضح کیا کہ غیر قانونی آلات استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور آئندہ بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔
دریں اثنا مختلف مکاتب فکر نے ڈی پی او چترال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کی طرف سے فلیش لائٹس اور غیرقانونی سلائنسر کے خلاف مہم کو جاری رکھا جائے تاکہ مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کو حادثات سے بچایا جاسکے، جبکہ ان فلیش لائٹس کے باعث مخالف سمت سے آنے والے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے جو بعض اوقات حادثات کا بھی سبب بنتے ہیں۔

