خیبر پختونخوا میں غیر قانونی افغانوں کو تحفظ دیا جارہا ہے,ہمیں ہر صورت میں افغان مہاجرین کو واپس بھیجنا ہے: وزیر داخلہ
خیبر پختونخوا میں غیر قانونی افغانوں کو تحفظ دیا جارہا ہے,ہمیں ہر صورت میں افغان مہاجرین کو واپس بھیجنا ہے: وزیر داخلہ
لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں غیر قانونی افغانوں کو تحفظ دیا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں افغان مہاجرین کے کیمپ اب تک قائم ہیں، افغان کیمپ ختم کر رہے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوشہرہ اور خیبر میں کیمپ کو ڈی نوٹیفائی کیا، وہ ابھی تک آپریشنل نہیں۔ قومی سلامتی پر کوئی صوبہ اپنی پالیسی بنا کر نہیں چل سکتا، وفاقی حکومت کے فیصلے پر عمل کرنا پڑے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھ کہ اسلام آباد خودکش حملے میں افغانی ملوث تھے۔ ایس ایچ او کی ذمے داری لگائی جا رہی ہے کہ افغانیوں کو ڈھونڈیں۔ ہمیں ہر صورت میں افغان مہاجرین کو واپس بھیجنا ہے، ہم مزید بم دھماکے افورٹ نہیں کر سکتے۔ ملک بھر میں افغانیوں کا انخلا جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کو واضح طور پر پتہ ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے کون ہے اور کون کروا رہا ہے، آپ پہلے ہمارے مہمان تھے اب نہیں ہیں آپ خود ہی عزت سے واپس چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں 50 سے 70 لوگ آف لوڈ ہو رہے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ ایف آئی اے والے بھی فرشتے ہیں، کہیں ایسا بھی ہوا ہے کہ کسی کو ایک جگہ سے روکا وہ دوسری جگہ سے چلے گئے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کسی کو تذلیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر آپ کے پاس ثبوت ہے تو آپ ضرور دیں، سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں غلط چل رہی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل میڈیا پر غلط خبر چلتی ہے تو پیمرا کا نوٹس ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر تصویر لگائیں گے، جو دل کرے گا وہ خبر چلائیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ سوشل میڈیا پر جو چاہیں خبر لگا دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط خبر پر کریک ڈاؤن کریں گے، جھوٹی خبر پھیلانے والے صحافی نہیں ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ کوئی لندن میں بیٹھ کر بکواس کر رہا ہے کہ اداروں میں مسئلہ چل رہا ہے، جو لوگ باہر بیٹھیں انہیں بتا دوں آپ لوگ بہت جلد واپس آرہے ہیں، بہت جلد آپ کو یہاں لائیں گے اور ساری باتوں کا جواب دینا ہو گا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم ٹی وی چینل کو کیوں غلط نہیں کہتے کیونکہ وہ ایک سسٹم کے تحت چل رہے ہیں، اگر کوئی ٹی وی چینل غلط خبر چلاتا ہے تو اس کو جرمانہ ہوتا ہے، جو فیک نیوز پھیلا رہا ہے ان کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی، قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
……………
.
ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جامع رپورٹ جاری
اسلام آباد(سی ایم لنکس)ریکوڈک منصوبہ سے ملکی معدنیات کی صنعت میں انقلاب، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)کی جامع رپورٹ جاری،تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کے کان کنی کے شعبہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سی سی پی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق نایاب معدنیات سے مالا مال پاکستان میں سونا، چاندی، تانبہ، پلاٹینم اورجیم اسٹون کے وسیع ذخائر موجود ہیں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریکو ڈک منصوبہ سے 37 سالوں میں 74 ارب ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔ ریکو ڈک منصوبہ شفاف ٹریس ایبلٹی اور ریفائننگ کی صلاحیت کی بدولت سونے کی سپلائی چین کو مستحکم بنائے گا جبکہ گولڈ اینڈ جیم اسٹون اتھارٹی کے قیام سے ڈیجیٹل ٹریک اینڈ ٹریس اور گولڈ بینکنگ سسٹم کا آغاز غیر دستاویزی تجارت میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔مزید برآں ایس آئی ایف سی اور سی سی پی کے مؤثر اقدامات سے ریفائننگ اور زیورات کی صنعت میں فروغ اور مارکیٹ کی شفافیت میں اضافہ ممکن ہو گا۔ ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان میں ہزاروں ملازمتیں اور نئے کاروباری مواقع فراہم کرے گا۔ایس آئی ایف سی پاکستان میں کان کنی کے مختلف شعبہ جات میں ترقی کے لیے اپنا انقلابی کردار ادا کر رہا ہے۔
