Chitral Times

عوام کرونا سے متعلق اپنی شکایات بذریعہ ٹیلی فون ، فیکس اور واٹس ایپ درج کرواسکتے ہیں۔


پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ویڈیولنک کے ذریعے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے تدارک کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے فورم کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور کے علاقے دوران پور میں قائم قرنطینہ مرکز میں مقیم تمام 152 افراد کو اپنے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے،درا زندہ میں قائم قرنطینہ مرکز مکمل طور پر خالی ہو گیا ہے جبکہ گومل میڈیکل کالج میں قائم قرنطینہ سے بھی لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ طور خم بارڈر کھلنے کے بعد اب تک 15 ہزار افغان باشندوں کو افغانستان بھیج دیا گیا ہے ۔ صوبے میں ضروری صنعتوں کو مشروط طور پر کھولنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت وضع کردہ طریقہ کار پر عمل درآمد کی شرط پر سیمنٹ کی صنعت کو کھول دیا گیا ہے جبکہ تمباکو ، ماچس اور سٹیل کی صنعتوں کو بھی کھولا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت چھوٹی صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے پر کام کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے ان صنعتوں کے نمائندوں کا ایک اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے ، جس میں اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ متعلقہ وفاقی وزراءکے علاوہ عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام اور چاروں صوبوںسمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔
<><><><><>


عوام کرونا سے متعلق اپنی شکایات بذریعہ ٹیلی فون ، فیکس اور واٹس ایپ درج کرواسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختوبخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں قائم ایمرجنسی کنٹرول روم صوبہ بھر میں کرونا کی صورتحال اور اس حوالے سے انتظامیہ کی طرف سے ا ٹھائے جانے والے اقدامات کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان شراکت کار کو مربوط بنانے کیلئے مکمل طور پر فعال ہے۔ صوبے کے طول و عرض سے کرونا سے متعلق عوامی شکایات وصول کرنے اور ان کے بروقت ازالے کے سلسلے میں مناسب اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے کنٹرول روم میں مختلف شفٹوں میں عملہ چوبیس گھنٹے کام کررہاہے۔


وزیراعلیٰ محمود خان اس کنٹرول روم کے زریعے صوبے بھر میں کرونا سے متعلق جملہ امور کی بذات خود نگرانی کررہے ہیں۔ کنٹرول روم کا تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ سے مسلسل اور براہ راست رابطہ قائم ہے۔ کنٹرول روم کے اعداد و شمار کیمطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کنٹرول روم کو صوبہ بھر سے مختلف نوعیت کے 200سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ عوام نے سے ان کے شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے پر کنٹرول روم کے بروقت اور موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔


عوام کرونا سے متعلق اپنی شکایات بذریعہ ٹیلی فون ، فیکس اور واٹس ایپ درج کرواسکتے ہیں۔ کنٹرول روم کے رابطہ نمبر درجہ ذیل ہیں
یو اے این نمبر۔ 091-111-712-713
ٹیلی فون نمبر:۔ 091-9222561-3
فیکس نمبر : ۔  091-9210707
واٹس اپ نمبر : ۔ 0347-666849

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
34099