Chitral Times

عوامی مسائل کے حل سےمتعلق غلط بیانی کرنیوالےافسران کے خلاف فوری کاروائی کی جائیگی،وزیراعظم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق غلط بیانی کرنے والے افسران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کو خود مانیٹر کرتا ہوں،شہریوں کی شکایات کے حل پر غلط بیانی کرنے والے افسران سے رعایت نہیں کی جائے گی۔

ہفتہ کو پی ایم ڈی یو کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نے صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔سیٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جعل سازی کے انکشاف اور افسران کے خلاف کاروائیوں کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔پی ایم ڈی یو نے 254 سرکاری افسران کے ڈیش بورڈز پر جعل سازی پر رپورٹ تیار کی۔وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوامی شکایات پر کاروائی سے متعلق غلط بیانی پر سرکاری افسران کے خلاف کاروائی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 154،کے پی کے 86،سندھ کے 3 اور وفاق کے 11 افسران کے ڈیش بورڈز کی تحقیقات کی گئی۔تحقیقات میں پنجاب کے 44 سرکاری اہلکار جعل سازی کے مرتکب قرارپائے۔رپورٹ میں چیف سیکرٹری کے پی کے نے 39 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جبکہ جعل سازی ثابت ہونے والے سرکاری ملازمین معطل کر دیے گئے۔آئی جی پنجاب کی تحقیقات کے بعد 45 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی گئی جبکہ آئی جی کے پی کے کی 10 اہلکاروں اور آئی جی سندھ کی 3 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کاروائی ہوئی۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
55203