عمران خان کیخلاف ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج، عمران کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی، بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری
عمران خان کیخلاف ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج، عمران کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی، بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)بانی پی ٹی آئی کے خلاف ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کرلیے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کرلیے گئے، جس کے بعد ان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔ قبل ازیں پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔پولیس رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی۔ عمران خان کی بہن نورین نیازی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔عدالت میں نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس جمع کروا دی گئی ہیں۔ اسی طرح کے پی، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔
توشہ خانہ 2 میں عدم پیشی؛ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری، ضامن کو بھی نوٹس
راولپنڈی(سی ایم لنکس)توشہ خانہ ٹو کیس میں عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے، عدالت نے ضامن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند کے روبرو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں پبلک پراسیکیوٹر سید ذولفقار عباس نقوی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا جب کہ بشریٰ بی بی کی مسلسل 10 سماعتوں میں غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ 2 کیس میں ضمان کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے ضامن اگلی سماعت پر عدالت حاضر ہوں۔ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے بعد مسلسل غیر حاضری پر کیوں نہ مچلکے ضبط کرلیے جائیں۔