The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

عمران خان مقدمات کے باعث جیل میں ہیں، ہمارا لینا دینا نہیں، الیکشن کمیشن

Posted on

عمران خان مقدمات کے باعث جیل میں ہیں، ہمارا لینا دینا نہیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی شکایت پر کہ پارٹی چیئرمین ضمیر کے قیدی ہیں پر سرد مہری دکھاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وہ سائفر سمیت مختلف مقدمات کے باعث جیل میں ہیں ہمارا اس سے کوئی سروکار نہیں۔تحریک انصاف کی طرف سے 24نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر موقف دیتے ہوئے الیکشن کمشن کا تحریک انصاف کی اس شکایت پر کہ ایک سیاسی جماعت کے طور پر اس کا دائرہ عمل تنگ اور اسے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے کہنا ہے کہ اس میں اس کا کوئی کردار نہیں، تحریک انصاف نے جب اپنے گمشدہ رہنماؤں کے جبری انٹرویو، بیانات اور پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیے جانے کے معاملے سے آگاہ کیا تو بھی الیکشن کمیشن نے اسی موقف کا اعادہ کیا کہ اس کا اس میں کوئی کردار نہیں۔پی ٹی آئی کے اس موقف کے برعکس کہ عمران خان اس وقت ’ضمیر کے قیدی‘ کے طور پر جیل کاٹ رہے ہیں،

الیکشن کمشن نے واضح کیا کہ سابق وزیر اعظم مختلف مقدمات بشمول سائفر کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے باعث جیل میں ہیں۔واضح رہے کہ 6 نومبر کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے ای سی پی کو مراسلہ لکھا اور چارٹر آف ڈیمانڈ جمع کرایا۔ 22 نومبر کو الیکشن کمیشن نے ہر مطالبے پر ریمارکس دے کر اس کا جواب دیا۔پی ٹی آئی کے خط میں کہا گیا کہ پارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ستایا جا رہا ہے، جبری طور پر لاپتہ ہونے والے رہنماؤں کو انٹرویو، بیانات دینے اور پی ٹی آئی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔الیکشن کمیشن نے دونوں نکات کے جواب میں کہا کہ اس میں اس کا کوئی کردار نہیں، الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہے، کسی سیاسی رہنما کو کسی جماعت میں شامل کرانا یا چھوڑنے سے باز رکھنا نہیں،پی ٹی آئی کی اس شکایت پر کہ پارٹی کو انتخابی مہم چلانے کیلئے مساوی مواقع فراہم نہیں کئے جا رہے۔

انتخابی ادارے نے کہا کہ تمام متعلقہ نگراں حکومتوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ سب کیلیے ایک غیر جانبدار ماحول فراہم کیا جائے، اس پر پی ٹی آئی نے ہفتے کو ایک پریس ریلیز جاری کی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ مساوی مواقع کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں، چیف الیکشن کمشنر کی نے نگران حکومتوں کو ہدایت ’ناکافی‘ ہے، جب تحریک انصاف نے نشاندہی کی کہ اے این پی کو ہنگو میں جلسہ کرنے کی اجازت دیکر 183 سکیورٹی اہلکار فراہم کیے گئے لیکن اسی روز ناکافی سکیورٹی کا بہانہ بنا کر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دی گئی مگر 283 پولیس اہلکار پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیلئے استعمال ہوئے، الیکشن کمیشن نے صرف یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ وہ اس امر کو یقینی بنائے گا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی ریلیوں اور اجتماعات کی اجازت دی جائے۔نواز شریف کا نام لیے بغیر پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایا کہ ایک سزا یافتہ اور مفرور قیدی کو غیر معمولی پروٹوکول اور جلسے کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، جو ’ایک ملک، دو نظام‘کی چغلی کھاتا ہے، ای سی پی نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ قائم

چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں مصنوعی بارش برسانے اور سموگ ریڈکشن ٹاور کی تنصیب کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
کلاؤڈ سیڈنگ کا پہلا ٹرائل چار سے چھ ہفتے میں متوقع ہے، ہوائی جہاز استعمال کرتے ہوئے کیمیائی عمل کے ذریعے کلاؤڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصارموسمی حالات اور بادلوں کی تشکیل پر ہے، کلاؤڈ آؤنائزیشن کیلئے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے، حکام کی بریفنگ

لاہور(سی ایم لنکس)سموگ پر قابو پانے کے سلسلے میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پنجاب حکومت نے متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں اورر یسرچ سے وابستہ عسکری اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کر دیا۔ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلا س میں کیاگیا۔اجلاس میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے اور سموگ ریڈکشن ٹاور کی تنصیب کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تحفظ ماحولیات، زراعت، خزانہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، وفاقی اور عسکری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کی روک تھام کی کوششوں میں وفاقی اور عسکری اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے مصنوعی بارش برسانے کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ اور کلاؤڈ آؤنائزیشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ کلاؤڈ سیڈنگ کیلئے پہلا ٹرائل چار سے چھ ہفتے میں متوقع ہے، ہوائی جہاز استعمال کرتے ہوئے کیمیائی عمل کے ذریعے کلاؤڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصارموسمی حالات اور بادلوں کی تشکیل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ آؤنائزیشن کیلئے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے، اگلے چھ ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ پانچ سسٹمزکے ذریعے لاہور میں منتخب جگہوں پر کلاؤڈ آؤنائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کیلئے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی جبکہ منصوبوں کی نگرانی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82292