The Voice of Chitral since 2004
Friday, 1 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کی وجہ بتا دی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کی وجہ بتا دی

اسلام ا ٓباد(نمائندہ چترال ٹائمز)سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کی وزارتِ اعلی سے ہٹانے کی تصدیق کر دی اور اس فیصلے کی وجہ بھی بتا دی۔سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ علی امین گنڈاپور کو کے پی کی وزارتِ اعلیٰ سے ہٹایا جا رہا ہے۔سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے، یہ بانیء پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے جس کا پسِ منظر بھی بیان کیا گیا ہے، خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کی بدترین صورتِ حال ہے، آج اورکزئی میں ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے، خیبر پختون خوا حکومت کو کہا گیا کہ وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو دورے کرے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح افغان شہریوں کو بے دخل کیا گیا اس کی ضرورت نہیں تھی، بلاول بھٹو سوا سال وزیرِ خارجہ رہے، ایک بار بھی افغانستان نہیں گئے، خیبر پختون خوا حکومت خود کو وفاق کی غلط پالیسی سے دور نہ کر سکی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے بیٹھ کر مذاکرات کریں، توقع ہے کہ سہیل آفریدی وفاقی حکومت کی رہنمائی کریں گے اور اسے سمجھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنی ہے، اعلان ہوتا ہے کہ علاقہ دہشت گردی سے پاک ہوگیا، چند دن بعد پھر واقعہ ہو جاتا ہے، سائفر کیس پہلے ہی ڈھیر ہوچکا ہے، اس کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانیء پی ٹی آئی نے علی امین کو استعفیٰ دینے کا حکم دیا ہے، سمجھتے ہیں کہ علی امین کے لیے بھی بہتر ہے کہ یہ عہدہ اب چھوڑ دیں، ہم نے ایک نئی پالیسی کا اعلان کرنا ہے، نئی شروعات کرنی ہے، کوئی دشواری نہیں ہو گی،علی امین استعفیٰ دیں گے اور اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیرِ اعلیٰ منتخب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف متعدد مقدمات بنائے گئے ہیں، بانیء پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ اب پیغام نورین خانم پہنچائیں گی۔اس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا لگائے جانے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے متوقع وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کون ہیں؟دوسری جانب بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے علی امین گنڈاپور کو ہٹائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہٹائے جانے سے متعلق ابھی تک مجھے کوئی اطلاع نہیں۔خود علی امین گنڈا پورنے کہا تھا کہ وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی مجھے ابھی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، وزارتِ اعلیٰ پارٹی اور بانی کی امانت ہے، جب کہیں گے چھوڑ دوں گا، جب مجھے کہا جائے گا کہ وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دو تو اس حکم کی تعمیل کروں گا۔

……………………..

سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان شہید

راولپنڈی(سی ایم لنکس) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران 11 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیّب راحت سمیت 9 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، شہید ہونے والے دیگر 9 جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر شامل ہیں، اس کے علاوہ لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دیگر خوارجیوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ملک میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہداء کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے سکیورٹی آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
114632