عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیرڈیپارٹمنٹ لویر چترال کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد
عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیرڈیپارٹمنٹ لویر چترال کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز) عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیرڈیپارٹمنٹ لویر چترال کے زیراہتمام بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں مقرریں نے اس بات پر زور دیاکہ آبادی میں بے ہنگم اضافے کے نہایت منفی اثرات سے بچنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد پر لازم آتا ہے کہ وہ آبادی میں اضافہ اور دستیاب وسائل میں توازن کوبرقراررکھنے میں خلوص نیت سے عملی قدم اٹھائے تاکہ آنے والی نسلیں مختلف النوع مزید مشکلات سے بچ سکیں۔
اس سال کے لئے مقرر کردہ عنوان ” صنفی مساوات کی طاقت کو اجاگر کرنا:ہماری دنیا کے لامحدود امکانات کو کھولنے کے لئے خواتین اور لڑکیوں کی آواز کو بلند کرنا” پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر حیدر الملک میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر فیاض رومی، ڈسٹرکٹ پاپولیش ویلفئیر افیسر اصغر خان اور دوسروں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے مختلف قسم کے مسائل جنم لیتے ہیں اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے وسائل میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آبادی کو اعتدال میں رکھنے کے لئے محکمہ بہبود آبادی خیبر پختونخوا مختلف پروگرامز پر کام کر رہا ہے جس کے تحت صوبے کے ہر یونین کونسل سطح پر محکمہ نے فلاحی مراکز قائم کئے ہیں۔ جو کہ لوگوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر خاندانی منصوبہ بندی کے خدمات و ادویات فراہم کر رہے ہیں۔جس کی بدولت آبادی کے بڑھنے کے تناسب میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ یہ ہر فرد کی بھی زمہ داری ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے آبادی میں توازن لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔تا کہ ہماری نوجوان آبا دی ملک کے لئے کارآمد ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافہ سے وسائل میں روز بروز کمی اور مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کے درمیاں مناسب وقفہ نہ ہونے کی وجہ سے ماں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے جس سے پورا خاندانی نظام مفلوج ہوجاتا ہے۔ ان سب مسائل سے نمٹنے کا واحد حل بچوں کے درمیاں مناسب وقفہ اور اپنے فیملی سائز کو اپنے وسائل کے مطابق رکھنے میں پنہان ہے۔
تقریب میں سول ڈیفنس افیسر اسماعیل جان، آغا خان ہیلتھ سروس کے کوارڈنیٹر صحت مند خاندان افسر جان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر افیسر میربائض خان اور دوسروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندے کثیر تعداد میں موجود تھے۔

