وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا محکمہ آبپاشی کو صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کیلئے فوری طور پر جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا محکمہ آبپاشی کو صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کیلئے فوری طور پر جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی کو صوبے میں قابل کاشت کمانڈ ایریا بڑھانے کیلئے فوری طور پر جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کیلئے کمانڈ ایریا میں اضافہ ناگزیر ہے، غذائی تحفظ یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر آو ¿ٹ آف باکس حل تیار کریں۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ آبپاشی کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے آبپاشی انفراسٹرکچر کیلئے جدید ایسٹ (Asset)مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے اور نہر ی نظام کی جی آئی ایس میپنگ اور مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ کی تیاری کی ہداےت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آبیانہ کلیکشن سمیت محکمہ کے تمام امور کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے شفافیت اور کارکردگی دونوں میں اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں ، وزیر اعلیٰ نے جامع فلڈ کنٹیجنسی پلان تشکیل دینے جبکہ نہروں کی صفائی و مرمت کیلئے کوآرڈینیٹس اور ویڈیوز بنانے کی بھی ہدایت کی۔ محمد سہیل آفریدی نے محکمہ آبپاشی میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور اون پے اسکیل کلچر کے خاتمے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں درکار افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
مزید برآں ، وزیر اعلیٰ نے زیر تعمیر سمال ڈیمز کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو ضروریات پوری کرنے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر نہایت ضروری ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے ڈیموں کے قریب سیاحتی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں محکمہ آبپاشی اور اس کے ذیلی اداروں، محکمہ کی ذمہ داریوں ، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی معاملات ،قوانین، آبپاشی انفراسٹرکچر اور بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 24 لاکھ 12 ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ قابل کاشت ہے۔ سمال ڈیمز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں چھوٹے ڈیمز کے ذریعے 3 لاکھ 21 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ قابل کاشت بنایا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 24 سمال ڈیمز زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے مزےد 61 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ قابل کاشت بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
۔۔
۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا خصوصی افراد، بیمار شہریوں اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ بلا کر انکے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو انکے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پیر کے روز خصوصی افراد، بیمار شہریوں اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ بلا کر ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو انکے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ نے علاج کے منتظر آنکھوں اور دل کے مریضوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں اور شہریوں کو فوری مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو خصوصی افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں ، محمد سہیل آفریدی نے پناہ گاہ سے آئے شہری کے مسئلے کا بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوامی خدمت کا مینڈیٹ ملا ہے، صوبے کے لوگوں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔ بانی چیرمین عمران خان کے ریاستِ مدینہ ماڈل کے تحت فلاحی طرزِ حکمرانی کی راہ پر گامزن ہیں۔ دریں اثنا ، وزیراعلیٰ سے ایم ڈی کیٹ کے ٹاپر نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے طالب علم کو شاباش دی اور تعلیمی اخراجات کی مکمل سرکاری کفالت کا اعلان کیا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ کے فوری ایکشن پر شکریہ کا اظہار کیا۔
