The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 25 April 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

 صوبائی حکومت کے فلیگ شپ پروگرام “میزبان” کے تحت بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

 صوبائی حکومت کے فلیگ شپ پروگرام “میزبان” کے تحت بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی حکومت کے فلیگ شپ پروگرام “میزبان” کے تحت وزیر اعلیٰ ہاوس میں منعقدہ تقریب میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔ یہ تقریب پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت منعقد کی گئی۔تقریب کے دوران 81 ملین روپے کی لاگت سے 59 کامیاب درخواست گزاروں میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 72 ملین روپے کی لاگت سے 36 امیدواروں کو بلاسود قرضے فراہم کیے گئے تھے۔

میزبان پروگرام کے تحت مقامی افراد کو 30 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پروگرام کی مجموعی لاگت 39.5 کروڑ روپے ہے، جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ میں 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پروگرام کا اجراء سوات، دیر اپر، دیر لوئر، چترال اپر، چترال لوئر، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کیا گیا ہے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد سیاحوں کو نجی گھروں میں قیام کی سہولت فراہم کرنا اور مقامی افراد کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن ہے کہ لوگوں پر سرمایہ کاری کی جائے تاکہ وہ خود بھی خوشحال ہوں اور قومی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی حکومت کا میزبان پروگرام بھی اسی وژن کا عملی مظاہرہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میزبان پروگرام کے ذریعے سیاحتی اضلاع کے مقامی لوگوں کو یہ مواقع میسر آ رہے ہیں کہ وہ آمدن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے سیاحتی پوٹینشل کو بھی اجاگر کریں۔ خیبرپختونخوا سیاحت کی بھرپور استعداد رکھتا ہے اور صوبائی حکومت اس استعداد کو صوبے کے معاشی استحکام میں بروئے کار کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ میزبان پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو قیام کے دوران اپنائیت اور عزت کا احساس ملنا چاہیے۔ ہم نے پیسے کمانے کے ساتھ عزت دینی بھی ہے اور عزت کمانی بھی ہے۔ سیاح حکومت کے مہمان ہونے کے ساتھ ساتھ میزبانوں کے بھی مہمان ہیں، اس لیے انہیں معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 125 افراد کا انتخاب کیا گیا تھا، جن میں سے 89 افراد قرض حسنہ وصول کر چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام مستفید ہونے والوں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ پر کیا گیا ہے، میرٹ اور شفافیت صوبائی حکومت کی بنیادی پالیسی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد عوام مشکلات کا شکار ہیں اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ملک کی سمت پر غور کرنا چاہیے، تاہم ان کے مفادات عوامی مفاد سے متصادم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں 5300 ارب روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں بیٹھے حکمران ایک طرف صوبے کے بقایاجات ادا نہیں کر رہے اور دوسری طرف اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، جس کے باعث صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے حقوق کا مقدمہ ہر فورم پر لڑتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت مذکورہ مالی ناانصافیوں کے باوجود عوام کی فلاح کے لیے کوشاں ہے اور دستیاب وسائل کو عوامی سہولت کے لیے موثر انداز میں بروئے کار لا رہی ہے۔ ہماری نیت صاف ہے اور کوشش جاری ہے، اللہ تعالیٰ کامیابی عطا فرمائے گا۔

chitraltimes cm distributing mazban project cheques among 2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
116616