The Voice of Chitral since 2004
Friday, 6 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

صحت کارڈ میں انڈور پیشنٹ کے بعد اب آوٹ ڈور کی طرف جارہے ہیں، فی الحال چترال سمیت چار اضلاع میں پائلٹ کے طور پر مفت او پی ڈی خدمات کا اجرا کررہے ہیں،مشیر صحت

صحت کارڈ میں انڈور پیشنٹ کے بعد اب آوٹ ڈور کی طرف جارہے ہیں، فی الحال چترال سمیت چار اضلاع میں پائلٹ کے طور پر مفت او پی ڈی خدمات کا اجرا کررہے ہیں، جرمن حکومت کے مشکور ہیں کہ صحت کے شعبے میں مسلسل تعاون فراہم کررہا ہے، دو سالہ پروجیکٹ کیلئے آج صحت کارڈ اور جرمن حکومت کے ادارے کے ایف ڈبلیو کے درمیان مفت او پی ڈی خدمات کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں: مشیر صحت احتشام علی

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) مشیر صحت احتشام علی نے صحت کارڈ اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان صوبے کے چار اضلاع میں مفت او پی ڈی خدمات کیلئے ہونے والے معاہدے پر دستخط کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کارڈ میں انڈور پیشنٹ کے بعد اب آوٹ ڈور پیشنٹ کی مد میں مفت طبی خدمات طرف جارہے ہیں۔ فی الحال چار اضلاع میں پائلٹ کے طور پر مفت او پی ڈی خدمات کا اجرا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جرمن حکومت کے مشکور ہیں کہ صحت کے شعبے میں مسلسل تعاون فراہم کررہا ہے۔ دو سالہ پروجیکٹ کیلئے آج صحت کارڈ اور جرمن حکومت کے ادارے کے ایف ڈبلیو کے درمیان مفت او پی ڈی خدمات کیلئے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ تقریب میں سیکرٹری ہیلتھ عدیل شاہ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، چیف اگزیکٹیو صحت کارڈ ڈاکٹر ریاض تنولی، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن پشاور کے اہلکار فیاض نور و دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔ معاہدے کے نفاذ کیلئے صحت کارڈ اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔

صحت کارڈ کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر ریاض تنولی جبکہ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی جانب سے فیاض نور نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ڈاکٹرریاض تنولی نے اس موقع پر بتایا کہ جرمن حکومت کے ادارے کے ایف ڈبلیو اور حکومت خیبر پختونخواہ کے درمیان فیز ون کا معاہدہ 2016 میں ان اضلاع میں آئی پی ڈی خدمات کیلئے ہوا تھا۔ فیز ون کی کامیابی پر حکومت خیبرپختونخوا نے آئی پی ڈی کی خدمات پورے صوبے تک بڑھادیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب فیز ٹو میں کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے صوبے کے چار اضلاع میں مفت او پی ڈی خدمات کو پائلٹ کیا جارہا ہے۔یہ خدمات کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے صوبے کے چار اضلاع بشمول مردان، کوہاٹ، ملاکنڈ اور چترال میں مہیا کئے جائینگے معاہدے کے تحت او پی ڈی خدمات پہلے مردان سے شروع ہونگے اور ضلع وائز تمام چار اضلاع تک وسعت دی جائیگی۔اس پروجیکٹ کے تحت مریضوں کو مفت او پی ڈی خدمات مہیا کی جائینگی۔ اس دو سالہ منصوبے کی کُل لاگت 9.4 ملین یورو ہے۔اس پروجیکٹ میں 90 % فنڈز جرمن حکومت جبکہ دس فیصد پختونخوا حکومت مہیا کرے گی۔اس پروجیکٹ سے چار اضلاع کے 120000 خاندان مستفید ہونگے۔اس پروجیکت کی کامیابی پر اسے پورے صوبے تک توسیع دی جائیگی۔ پروجیکٹ لانچنگ کیلئے یونین کونسل سطح پر ایک سرکاری اور ایک نجی کلینک کا انتخاب ہوگا۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94757