The Voice of Chitral since 2004
Monday, 4 May 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

صابر سے سحر تک کا سفر، اقبال الدین سحر، وہ ایک عہد تھا ۔ تحریر: نورالہدیٰ یفتالی

Posted on

صابر سے سحر تک کا سفر، اقبال الدین سحر، وہ ایک عہد تھا ۔ تحریر: نورالہدیٰ یفتالی

وہ کھوار ثقافت کا امین تھا، فن کے آسمان پر جگمگاتا ہوا ستارہ۔ ڈرامہ نگار، افسانہ نویس، نعت خواں، مزاحیہ شاعر اور موسیقی کے ساز پر جذبوں کے نغمے بکھیرنے والا ایک جادوگر۔ وہ زبان کا زرخیز باغبان تھا، جس کے الفاظ محض جملے نہیں بلکہ دل کی دھڑکنیں ہوتے تھے۔ وہ کمپئیرنگ کا ماہر اور لفظوں کا ایسا ساحر تھا جو لفظوں سے خواب بُنتا تھا۔

وہ پاکستان کے نامور شاعر احمد فراز کا شاگرد تھا اور اپنے مرشد کی طرح احساس اور درد کا شاعر۔ وہ اقبال الدین سحر تھا ,کھوار ثقافت کی چلتی پھرتی تصویر، چترال کی روشنیوں میں جگمگاتا چراغ۔ کچھ لوگ صرف زندہ نہیں ہوتے، وہ اپنی ذات میں ایک مکمل داستان ہوتے ہیں۔ صابر سے سحر تک کا سفر درد، حوصلے، عشق اور خوش نصیبی سے لبریز ایک ایسا سفر تھا جو اب مکمل ہو چکا ہے۔

chitraltimes iqbal uddin sahar

اقبال الدین سحر 21 جنوری 1951 کو چترال کے خوبصورت گاؤں شغور میں پیدا ہوئے۔ وہ اندر سے نہایت نرم دل اور باہر سے مضبوط شخصیت کے حامل انسان تھے۔ ان کے والد حاجی رحمت الدین کا تعلق گلگت بلتستان کے دلکش علاقے چھشی (غذر) سے تھا اور وہ میرسبحا قبیلے سے وابستہ تھے۔ ان کے دادا شیلی حاکم غذر کے گاؤں چھشی سے چترال آئے۔ جب شجاع الملک کو چترال کا مہتر مقرر کیا گیا تو شیلی حاکم معززین کے ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کے لیے چترال پہنچے۔ ان کی فصیح و بلیغ گفتگو اور شیرین لہجے سے مہتر اس قدر متاثر ہوئے کہ انہیں چترال میں قیام کی دعوت دی، اور یوں یہ خاندان ہمیشہ کے لیے چترال کا حصہ بن گیا۔

اقبال الدین سحر نے اپنی تعلیمی زندگی کا آغاز اسٹیٹ مڈل اسکول شغور سے کیا، گورنمنٹ ہائی اسکول چترال سے میٹرک کیا اور اسلامیہ کالج پشاور سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ مگر زندگی نے ایک سخت امتحان لیا۔ ایک مہلک بیماری نے ان کے تعلیمی اور زندگی کے خوابوں کے سامنے دیوار کھڑی کر دی۔ علاج کے لیے جب وہ پشاور میں ڈاکٹر کے پاس گئے تو ڈاکٹر کا یہ جملہ “زیادہ توقعات نہ باندھیں، خود کو خوش رکھیں” ان کے دل پر بجلی بن کر گرا۔ ابھی یہ زخم تازہ ہی تھا کہ ماں کی جدائی کا دکھ بھی ان پر آن پڑا۔

وہ خود کہا کرتے تھے کہ “ماں کی جدائی اور بیماری کے خوف نے مجھے شاعر بنا دیا۔ جینے کی امید میں دل کی باتیں قلم کے حوالے کرتا رہا، اور خود بھی نہ جان سکا کہ کب شاعر بن گیا اور کب ستار کے تاروں سے دوستی ہو گئی۔”

ابتدا میں وہ اپنے نام کے ساتھ “صابر” لکھا کرتے تھے۔ ایک دن پشاور میں معروف معالج ابوالکیف کیفی کے پاس علاج کی غرض سے گئے۔ انہوں نے نام پوچھا اور مسکرا کر کہا، “تم صبر کا پتلا نہیں ہو، تمہاری روح میں سحر ہے۔ تمہارے لیے ‘سحر’ زیادہ موزوں ہے۔” یوں صابر سے سحر بننے کی داستان نے جنم لیا۔

ریڈیو پاکستان پشاور کے لیے انہوں نے ماں پر لکھی گئی پہلی کھوار نظم “نان” تحریر کی، جو آج بھی سننے والوں کے دلوں کو چھو لیتی ہے۔ علامہ اقبال کے فلسفے سے وہ گہرا لگاؤ رکھتے تھے اور انہیں اپنا روحانی مرشد مانتے تھے۔ اقبال کے کئی اشعار کو انہوں نے کھوار زبان میں اس خوبصورتی سے ڈھالا کہ سننے والے سحر زدہ ہو جاتے۔

ان کا ایک مشہور کلام، جو فکرِ اقبال سے متاثر ہو کر لکھا گیا، دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے:

دونی عقل حیران مگم ھردی مجبور
فکر کوراکو نظرا نامنظور
ھردی بادشاہ عقل غلام بہچور
ھردیو پروشٹہ عقلو شکست ضرور
نہ کی موتن عقلو شکست جوشور
قالب تھانور پولیک عشقو دستور

اقبال الدین سحر صرف شاعر یا ادیب ہی نہیں تھے۔ وہ پشاور یونیورسٹی میں چترال اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بھی رہے۔ ان کے نزدیک کھوار ثقافت ادب، وفا اور احترام کا استعارہ تھی۔ وہ موجودہ موسیقی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کرتے تھے کہ آج ہم دوسروں کی دھنیں چرا کر اپنی اصل کھو رہے ہیں، جو کھوار تہذیب کے ساتھ ناانصافی ہے۔

دوستی ان کے نزدیک دل کا رشتہ تھی۔ وہ کہا کرتے تھے:
“دوستو پوشی تہہ طبیعت خوشان کی ہاسے دوستی مزا!”

نوجوان فنکاروں میں وہ منصور شباب، انصار الٰہی اور محس شاداب کو خاص طور پر سراہتے تھے۔ سیاست پر ان کی رائے سچی مگر تلخ تھی۔ ان کا ماننا تھا کہ چترال میں بہادر، خوددار اور بے لوث قیادت کی شدید کمی ہے۔

اقبال الدین سحر چترال کا فخر تھے ہر محفل کی جان، ہر دل کی آواز اور ہر درد کے ترجمان۔ ان کے لفظوں میں چراغوں جیسی روشنی، ستار میں سوز و ساز اور شخصیت میں ایک دائمی سحر تھا۔ صابر سے سحر تک کا یہ سفر اُن تمام لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو اندھیروں میں بھی امید کی کرن تلاش کرتے ہیں۔

chitraltimes iqbal uddin sahar legend peot from chitral 2

Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
117105