The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی ضروریات بڑھ گئی ہیں، اقوام متحدہ کا مزید فنڈز کا مطالبہ

Posted on

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی ضروریات بڑھ گئی ہیں، اقوام متحدہ کا مزید فنڈز کا مطالبہ

نیویارک( چترال ٹایمز رپورٹ)موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی انسانی ضروریات میں شدت آگئی ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر مزید وسائل کی ضرورت ہے، یہ بات اقوام متحدہ کے ترجمان نے جمعہ کو کہی۔اگست کے تباہ کن سیلاب کے بعد اب تک کی تازہ تری صور ت حال کے حوالہ سے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان، سٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں دوپہر کی معمول کی بریفنگ کو بتایا کہ سیلاب کا پانی کم ہونے کے باوجود، اس وقت بھی20 ملین سے زائدافراد کاانسانی امداد پر انحصارہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں شروع ہو رہی ہیں۔دوجارک نے نامہ نگاروں کو بتایا،“آج تک، حکومتی مدادی کارروائیوں میں تعاون کے لئے انسانی ہمدردی کے ہمارے شراکت دار سیلاب کے آغاز سے اب تک 4.7 ملین سے زیادہ لوگوں تک امداد پہنچا چکے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ تقریبا 2.6 ملین لوگوں کو خوراک کی امداد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے انسان دوست شراکت داروں نے بشمول 500 سے زیادہ عارضی تعلیمی مراکز کے ذریعے 125,000 بچوں کی تعلیم کو دوبارہ شروع کرنے میں بھی مدد کی ہے،۔”تاہم، 20 لاکھ سے زائد بچوں کے لیے اسکول ناقابل رسائی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ابھی تک 816 ملین ڈالر کے فلڈ رسپانس پلان میں سے صرف 23 فیصد موصول ہوئے ہیں۔اس لئے امدادی کارروائیوں کے لئے مزید وسائل کی فوری ضرورت ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا، نواز شریف

لندن(سی ایم لنکس) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سیاستدان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ ہم وہ ہیں جنہوں نے ایٹمی دھماکے کیے، موٹر ویز بنائیں۔ ہم نے ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا اور نئے منصوبے لگائے لیکن ایک شخص خود کرپشن میں ڈوبا ہے اور دوسروں پر الزام لگا رہا ہے۔انہوں ں ے کہا کہ یہ جن کو کرپٹ کہتے ہیں ان کو لندن میں عدالتیں سرٹیفکیٹ دے رہی ہیں اور یہ جھوٹے پراپیگنڈے کے بعد پھر اخباروں میں معافیاں مانگتے ہیں۔ اللہ نے ہمیں ہر جگہ سرخرو کیا اور اخبار ڈیلی میل نے بھی عدم ثبوت کی بنا پر معافی مانگ لی ہے جبکہ عمران خان کے خلاف الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے۔نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے 50، 50 ارب روپے کی کرپشن کی اور میرے خلاف تو ہائی جیکنگ کا کیس بھی بنایا گیا تھا لیکن بتائیں کون سی ہائی جیکنگ کی ہے؟ اور عمران خان کسی ایک منصوبے کا نام لیں جس کی بنیاد رکھی ہو اور وہ پایا تکمیل تک پہنچایا ہو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر کو شرم آنی چاہیے، یہ جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ پاکستان میں عمران خان کے خلاف انکوائریاں چل رہی ہیں لیکن پاکستان میں انکوائریوں کا کام ڈھیلا ڈھالا ہوتا ہے اور ہفتے کا کام 2 سال پر چلا جاتا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں مفت میں جلاوطنی اور جیلیں بھگتنا پڑیں لیکن اب عمران خان کی گرفتاری کا دن بھی جلد آئے گا۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ، کرپشن، کمیشن کک بیکس،فنڈز اور آفس استعمال کے الزامات لگائے گئے۔ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نااہل کیا گیا اور پاکستان کا آج یہ حال کر دیا کہ غریب آدمی بچوں کا پیٹ تک نہیں پال سکتا۔ 2017 میں پاکستان بلندیوں کی طرف جا رہا تھا اور ہم وہ ہیں جنہوں نے پاکستان کی معیشت کو ترقی دی۔نواز شریف نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی پہلے ہی تحقیقات کر کے شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی اور برطانیہ ایک آزاد جمہوری ملک ہے جہاں عوام کی حکمرانی ہے۔ جسٹس شوکت صدیقی اور جج ارشد ملک کیا کہہ گئے؟ ثاقب نثار کی آڈیو لیکس ہوئیں۔ مریم نواز کے حق میں فیصلہ بھی عدم شوائد کی بنا پر آیا جبکہ اب بچے بچے کی زبان پر توشہ خانہ چوری کے قصے ہیں اور قوم کو ان سب چیزوں کو غور سے دیکھ کر سمجھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خدمات قوم کے سامنے ہیں لیکن اب بھی کوئی نہ سمجھے تو پھر کیسے سمجھایا جائے۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک میٹرو بنائی وہ بھی فالٹی اور اربوں کا خرچ آیا، نیب کیس بھی بن گیا۔ بلین ٹری اور القادر ٹرسٹ کی تفصیلات سامنے آئیں گی تو لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ منشیات برآمدگی کیس میں بری

لاہور( چترال ٹایمز رپورٹ )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ منشیات برآمدگی کیس میں  بری ہوگئے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت لاہور نے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی تو رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری لگوائی۔عدالت نے پراسیکیوشن کو رانا ثناء اللہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی متفرق درخواست پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔وفاقی وزیر داخلہ نے مقدمے سے بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ استغاثہ کے پاس ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، سیاسی بنیادوں پر یہ مقدمہ درج کیا گیا، کیس کمزور ہے جس میں سزا کا امکان نہیں ہے، عدالت بری کرنے کا حکم دے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثناء اللہ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں اور تمام شریک ملزمان کو بری کر دیا۔پیشی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ واپس آکر الیکشن مہم چلائیں، انہوں نے ہماری درخواست کو منظور کرلیا ہے، وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نیازی یہ ڈارمہ چھوڑو اور اسمبلی توڑو، تحریک انصاف ا بھی تک اسمبلی توڑنے کا فیصلہ نہیں کرسکی۔انہوں نے کہا کہ فوج منظم ادارہ ہے وہاں کسی بندے کی پالیسی نہیں چلتی کہ باجوہ صاحب کی یا عاصم منیر کی پالیسی ہوگی، فوج میں ادارے کی پالیسی ہوتی ہے، چاہے درست ہو یا غلط ہو، پالیسی ادارے کی ہوتی ہے، جو پالیسی پہلیتھی وہ ادارے کی تھی، جو مداخلت ہوتی رہی ہے وہ بھی ادارے کی پالیسی کے تحت ہوتی رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب سیاست میں عدم مداخلت کا فیصلہ ہوا تو یہ بھی ادارے کا فیصلہ ہے، یہ آرمی چیف یا فردواحد کا نہیں، یہ فیصلہ ادارے کا ہے، یہ بات ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈی جی آئی ایس آئی نے قوم کے سامنے کہیں ہے اور کمٹمنٹ کی ہے، ہمیں پورا اعتماد ہے اس سطح کی کمٹمنٹ کو ادارہ نبھائے گا۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ عمران خان مجھیکبھی مذاکرات کی دعوت نہیں دے گا اور نہ دعوت دی ہے، پی ڈی ایم غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہے، عارف علوی بیچ میں کردار ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وہ کوشش کررہے ہیں اگر کوئی بات ہوتی ہے تو معیشت پر بات ہونی چاہیے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69037