سہیل آفریدی کی حلف برداری کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے کیس کا فیصلہ سنا دیا، گورنر کے پی نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے بدھ کو حلف لیں: پشاور ہائیکورٹ
سہیل آفریدی کی حلف برداری کا معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے کیس کا فیصلہ سنا دیا، گورنر کے پی نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے بدھ کو حلف لیں: پشاور ہائیکورٹ
پشاور( نمائندہ چترال ٹائمز) پشاور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حلف برداری کے معاملے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے جس میں واضح کیا گیاہے کہ گورنر کل چار بجے حلف لیں گے اگر گورنر نے حلف نہ لیا تو پھر سپیکر اسمبلی حلف لیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سہیل آفریدی کے حلف سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ راجا صاحب آپ پشاور میں ہیں، کیا معاملہ ہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ علی امین نے استعفی دیا اور نئے وزیر اعلی منتخب ہو گئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا گورنر نے استعفی منظور کیا ہے، جس پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ استعفے منظوری کی ضرورت نہیں ہے، جب دیا گیا تب سے نافذ ہو جاتا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا راجا صاحب یہ درخواست جوڈیشل سائیڈ پر ایڈمنسٹریٹو دیکھ رہے ہیں، آپ کی یہ درخواست 255 (2) کی ہے اسکو پڑھیں، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس میں لکھا ہے اگر کوئی حلف لینے سے انکار کرے تو چیف جسٹس کسی کو بھی نامزد کر سکتا ہے، گورنر خیبر پختونخوا کو نئے وزیر اعلی کی حلف برادری کی سمری بھجوائی جا چکی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اسپیکر نے گورنر کو یہ سمری کس وقت بھجوائی ہے، کوئی تحریری ثبوت ہے،سلمان اکرم راجہ کا کہناتھا کہ ہم گورنر کے جواب کا انتظار نہیں کر سکتے ہیں، صوبے میں حکومت موجود نہیں ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا گورنر کو بھجوائی گئی سمری پر انکے جواب کا انتظار نہیں کرنا چاہیے؟ آئین کا آرٹیکل 255 (2) تب ہی نافذ عمل ہو گا جب کوئی حلف لینے سے انکار کرے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گورنر اسلام آباد میں ہے ہم حلف کے لیے وہاں جا سکتے ہیں یا وہ یہاں آ سکتے ہیں، چیف جسٹس عتیق شاہ نے کہا کہ گورنر کی رائے بغیر آگے نہیں جایا جا سکتا، اس سے پہلے مخصوص نشستوں کے حلف نامزدگی معاملے پر بھی مجھ پر کیس ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گورنر کے پی نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے بدھ کو حلف لیں: پشاور ہائیکورٹ
پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ایس ایم عتیق شاہ نے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف کے حوالے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختون خوا نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں۔عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے حلف لیں۔اس سے قبل آج پشاور ہائی کورٹ نے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔دورانِ سماعت چیف جسٹس نے پوچھا کہ گورنر نے رضامندی ظاہر کی ہے حلف برداری کے لیے یا نہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں نے کبھی نہیں کہا حلف نہیں لوں گا، گورنر خیبر پختونخوا
کراچی(سی ایم لنکس)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ حلف نہیں لوں گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین اور قانون پر عمل کروں گا، آج خیبر پختونخوا پہنچ جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میرا جواب ہائی کورٹ میں جمع ہوچکا ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے طیارے کیلیے درخواست کی ہے۔صحافی کے سوال پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتاسکتا۔اْن کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے قانون اور آئین پر عمل درآمد کریں گے۔اس سے قبل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ نے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے حلف کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ گورنر خیبر پختون خوا نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں۔عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نو منتخب وزیرِ اعلیٰ سے حلف لیں۔
