The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 14 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

سوشل میڈیا میں کالاش قبیلے کے خلاف منفی پرپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کیجائیگی۔ڈپٹی کمشنر

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد نے کہا ہے ۔ کہ سوشل میڈیا میں بعض افراد کی طرف سے غلط معلومات کی بنیاد پر کالاش قبیلے کے خلاف منفی پرپگنڈہ قابل مذمت ہے ۔ ایسے افراد کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی ۔ کالاش ویلی بمبوریت کے مقام شیخاندہ میں میڈیا کے سوالوں کاجواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان کا ہر قبیلہ ، برادری اور فرد اور ان کے مذاہب و کلچر قابل احترام ہیں ۔ کسی کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا ۔ کہ وہ کسی قبیلے کے مذہبی رسومات اور کلچر کے بارے میں مفروضوں اور غلط معلومات کی بنیاد پر انہیں تنقید کا نشانہ بنائے ۔ یا ان کے خلاف ہرزہ سرائی کرے ۔ ایسے افراد آئین پاکستان کے تحت سزا کے مستحق ہیں ۔ ان کے ساتھ کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی ۔ سب کو اپنے کلچر کے مطابق زندگی گزارنے اور غمی و خوشی کے رسومات ادا کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے ۔ اس لئے کالاش قبیلے کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپگنڈہ کو ہم ہلکا نہیں لیتے ۔ بلکہ ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ کالاش اور مسلم کمیونٹی کا باہمی اخوت و بھائی چارہ دنیا کیلئے ایک مثال ہے ۔ اور جو لوگ منفی پرپگنڈہ کرتے ہیں ۔ وہ در اصل دونوں کمیونٹیز کے درمیان دوری پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔ ایسے لوگ سب کے دشمن ہیں ۔ جن کے قلع قمع کیلئے دونوں کمیونٹیز اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چند ایک غلط لوگوں کی وجہ سے کالاش کمیونٹی کو دل برداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اور نہ اس کو ٹورزم کے سا تھ جوڑنا چاہیے۔ ایسے منفی لوگ ہر معاشرے میں پائے جاتے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ کویڈ 19 نے سیاحت کو بہت نقصان پہنچایا ۔ تاہم ہماری کوشش ہے ۔ کہ سیاحت کو ترقی دی جائے ۔ اور اس سلسلے میں مڈکلشٹ سنو فیسٹول،کالاش چلم جوشٹ ، چوموس ،پوڑ فیسٹولز کیلنڈر ایونٹ میں شامل کر لئے گئے ہیں ۔ اسی طرح ہماری کوشش ہے ۔ کہ کالاش ویلی سنوگالف فیسٹول کو بھی کیلنڈر ایونٹ میں شامل کیا جائے ۔ کالاش اپنے عادات و اطوار سے یہ ثابت کر چکے ہیں ۔ کہ وہ امن پسند ، مہمان نواز اور محبت بانٹنے والے لوگ ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ کنٹرولڈ ٹورزم سےعلاقے کو فائدہ ہو سکتاہے ۔ ورنہ بے ہنگم سیاحت سے مزید مسائل پیدا ہوں گے ۔

Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
40928