صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سوات موٹر وے فیز2 اور دیر موٹر وے کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد
صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سوات موٹر وے فیز2 اور دیر موٹر وے کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پروزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت سوات موٹر وے فیز2 اور دیر موٹر وے کے حوالے سے ایک اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، اراکین صوبائی اسمبلی انور خان ایڈوکیٹ اور اعظم خان سمیت سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد اسرار، منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی اسد خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ عوام کو آمدورفت کی سہولیات دینے اور تجارت و سیاحت کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے سڑکوں اور موٹرویز کی تعمیر ضروری ہے جس کے لئے صوبائی حکومت بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے اور سوات موٹروے فیز۔ II اور دیر موٹر وے کا منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جسے علاقے کے عوام کی امنگوں کے عین مطابق مکمل کیا جا رہا ہے اجلاس میں سوات موٹروے فیز۔II اور دیر موٹر وے منصوبوں کے موجودہ تعمیراتی ڈیزائن اور اس منصوبوں کو عوامی توقعات کے مطابق مفید بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 36.50بلین روپے کی لاگت پر مشتمل سوات موٹر وے فیز۔IIتقریبا 80 کلومیٹر طویل ہوگی اور 9پلوں کی تعمیر کے ساتھ 7انٹرچینج بھی منصوبے میں شامل ہیں جبکہ درکار اراضی کے حصول کے لیے 21.5 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سوات موٹروے فیز۔I کی کامیابی کے بعد صوبائی حکومت اب سوات موٹر وے فیز۔II اور دیر موٹر وے کی تعمیر شروع کررہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تعمیراتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہوتے ہیں اور سوات موٹر وے فیز۔II اور دیر موٹر وے میں جہاں کہیں بھی مقامی لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے تو صوبائی حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ انہیں حل کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس ضمن میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر حکومتی سطح پرایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو مقامی لوگوں کے منصوبے کے حوالے سے تحفظات دور کرنے، ڈیزائن میں مزید بہتری پیدا کرنے اور اسے عوامی ضرورتوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے اپنی سفارشات مرتب کرکے پیش کرے گی، اجلاس میں حکام نے صوبائی وزیر کو مذکورہ منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کا صحت، سیاحت اور انسانی ہمدردی کے لئے استعمال پر غور و خوض۔ مزمل اسلم
خیبرپختونخوا حکومت کے ڈائریکٹر جنرل ایویشن ائیر کموڈور محمد عاطف سے ملاقات میں تبادلہ خیال
مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز صحت، سیاحت اور انسانی ہمدردی کے لئے استعمال پر غور و خوض شروع ہوگیا اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا چیئرمین عمران خان کے صحت اور سیاحت کے ویژن کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ڈائریکٹر جنرل ایویشن ائیر کموڈور محمد عاطف سے ملاقات کے دوران کیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ شاہ خرچیوں نے ملک کو مزید معاشی طور پر کمزور کر دیا ہے تاہم ابھی وقت ہے کہ اس کاازالہ کیا جائے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ملکیت میں ایک جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر ہے جبکہ سندھ حکومت کے پاس ایک جہاز اور دو ہیلی کاپٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کے پاس دو ہیلی کاپٹر ہیں جو اے این پی نے 2008، 2009 میں خریدے ہیں جبکہ خیبر پختونخواواحد صوبہ ہے جس کے پاس جہاز نہیں ہیں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے پاس ایک جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر ہے۔ مزمل اسلم نے کہا وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بطور وزیر اعلیٰ اب تک ہیلی کاپٹر میں سواری نہیں کی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا چیئرمین عمران خان کے صحت اور سیاحت کے ویژن کو بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں۔