85 فیصد اضافہ! سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی
85 فیصد اضافہ! سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے ہاؤسنگ رینٹ الاؤنس میں 85 فیصد اضافے کا اعلان کردیا، جو ملازمین کے لیے بڑا مالیاتی ریلیف ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے تمام گریڈ کے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 85 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ خزانہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے، جسے حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔اضافہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام مستقل اور کنٹریکٹ بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین پر لاگو ہوگا۔نئے الاؤنس کا حساب اب موجودہ بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جب کہ پہلے 2008 کے پے اسکیل کے مطابق کیا جاتا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کے بعد یہ فیصلہ سرکاری ملازمین کے لیے بڑا مالیاتی ریلیف ثابت ہوگا، جو بڑھتے ہوئے کرایوں اور مہنگائی سے متاثر ہیں۔یہ پالیسی حالیہ برسوں میں ہاؤس رینٹ الاؤنس میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ تصور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سرکاری ملازمین پر مہنگائی کے بوجھ میں کمی لانا ہے۔
……………………….
گورنر ہاؤس کو وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول، ترجمان کی تصدیق
پشاور(سی ایم لنکس) ترجمان گورنر ہاؤس نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق اج دن 2:30 بجے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوا ہے، جانچ پڑتال اور قانونی تقاضوں کے بعد استعفیٰ آئینی طریقہ کار کے تحت عمل میں لایا جائے گا، گورنر ہاؤس آئینی و قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھر کر معاملے کو شفاف انداز میں آگے بڑھائے گا۔ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا ہاتھ سے لکھا تحریری استعفیٰ بھی گورنر ہاؤس پہنچا دیا گیا۔استعفیٰ ان کے معاون خصوصی انسداد بدعنوانی مصدق عباسی گورنر ہاؤس لے کر گئے، گورنر ہاؤس کے کیئرٹیکر نے استعفیٰ وصول کر کے رسید بھی دی۔چند روز قبل علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر بطور وزیر اعلیٰ کے پی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے استعفیٰ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کے حکم کی تعمیل کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، ایک سال میں دہشتگردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔علی امین گنڈاپور نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے، کابینہ، اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں۔اپنی ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا تھا کہ عوام کی خدمت دیانتداری سے کی، پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی پائندہ باد۔
