رواں سال 373 طلبہ کو ستوری د پختونخوا اسکالرشپ سے نوازا جائے گا۔ مینا خان آفریدی
رواں سال 373 طلبہ کو ستوری د پختونخوا اسکالرشپ سے نوازا جائے گا۔ مینا خان آفریدی
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی زیر صدارت ستوری د پختونخوا سکالرشپس کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر موصوف کو سکالرشپ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال 373 طلبہ کو ستوری د پختونخوا اسکالرشپ سے نوازا جائے گا، جن پر مجموعی طور پر 134.280 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔مینا خان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام نہ صرف طلبہ کے تعلیمی اخراجات میں کمی لاتا ہے بلکہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول اور مستقبل میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام میں ضروری اصلاحات لائی جائیں تاکہ اسے مزید شفاف، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت ہونہار طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یہ نوجوان صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
