The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 7 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ساتویں مردم شماری پر 34 ارب کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ

Posted on

ساتویں مردم شماری پر 34 ارب کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ادارہ شماریات نے ساتویں مردم شماری پر 34 ارب روپے کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے۔اسلام آباد میں ترجمان ادارہ شماریات سرور گوندل نے پریس کانفرنس کی اور ساتویں مردم شماری سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری مکمل ہونے تک مجموعی طور پر 34 ارب روپے کی لاگت آئے گی، حکومت پاکستان اب تک 10 ارب جاری کرچکی ہے۔سرور گوندل نے مزید کہا کہ مردم شماری کے لیے1 لاکھ21 افراد کو ٹریننگ کرائی گئی اور 1 لاکھ 26 ہزار ٹیب دیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں 495 سپورٹ مراکز بنائے گئے ہیں، 20 فروری سے خود شماری کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ترجمان ادارہ شماریات نے یہ بھی کہا کہ خود شماری کے دوران یو ٹی ایل نمبر ملتا ہے، جسے مردم شماری کا عملہ دیکھے گا۔انہوں نے کہا کہ خود شماری آپشنل ہے، مردم شماری کا عملہ گھر گھر جائے گا، اس عمل کے لیے صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی حکومتیں تعاون کر رہی ہیں۔

سرور گوندل نے کہا کہ سیکیورٹی میں پولیس کے ساتھ آرمی بھی ہو گی، یکم مارچ سے ملک بھر میں مردم شماری کا فلیڈ آپریشن شروع ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں این ٹی سی اور نادرا اپنی سروسز دے رہا ہے، مردم شماری کا عملہ دینا صوبوں کا کام ہے۔ترجمان ادارہ شماریات نے کہا کہ ڈیٹا لوکیشن اور سیکیورٹی صوبوں کی ذمہ داری ہے، مردم شماری کے ڈیٹا کو ادارہ شماریات ترتیب دے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے حتمی مردم شماری کے مکمل نتائج جمع کرانے کی ڈیڈ لائن30 اپریل دی ہے۔سرور گوندل نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے حلقہ بندیاں نئی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گی، 43 لاکھ افراد پورٹل پر خود شماری کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کا ڈیٹا مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہو گا، مردم و خانہ شماری میں معاشی شماری کا فریم بھی مرتب ہو گا۔

ترجمان ادارہ شماریات نے کہا کہ مردم شماری پر مجموعی طور پر 34 ارب روپے کی لاگت آئے گی، ابھی تک حکومت پاکستان مردم شماری کے لیے10 ارب جاری کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف سندھ حکومت کی بات نہیں کرتے، تمام فریقین ساتھ ہیں، سیکیورٹی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔سرور گوندل نے کہا کہ ہر مردم شماری عملے کے ساتھ ایک صوبائی پولیس کا اہلکار ہو گا، سیلاب زدگان کی مردم شماری کے حوالے سے مکمل کام کیا گیا ہے، آرمی کے 86 ہزار جوان اور افسران مردم شماری میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72025

چیف سیکریٹری نے ساتویں مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) کے لیے عملے کی تربیت کا باقاعدہ افتتاح

Posted on

چیف سیکریٹری نے ساتویں مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) کے لیے عملے کی تربیت کا باقاعدہ افتتاح

مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا ہے کہ مردم شماری آبادی کی تفصیلی گنتی ہے، منصوبہ بندی، ترقی اور وسائل کی تقسیم کے لئے کوالٹی ڈیٹا کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسی معلومات کے حصول کے لئے مردم شماری ایک بہترین مشق ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ساتویں قومی مردم شماری کے حوالے سے پشاور کے سرکاری سکول میں عملے کی تربیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر عملے کی ٹریننگ کا باقاعدہ افتتاح کیا جو ساتویں مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) کے سلسلے میں دی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مردم شماری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جس کی خوش اسلوبی کیساتھ انجام دہی میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کا کردار بہت اہم ہے، شمارکنندگان، جواب دہندگان کے درمیان تعاون کامیاب مردم شماری کیلئے ناگزیر ہے۔ملک کی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں کے اہلکاروں کو تربیت دی جارہی ہے، مردم شماری میں ادارہ شماریات پاکستان، نادرا، محکمہ تعلیم اور دیگر محکمے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

chitraltimes chief secretary addresses census program2

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70167

ساتویں مردم شماری ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ سیکرٹری بلدیات واِنتخابات خیبر پختونخوا

Posted on

ساتویں مردم شماری ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ سیکرٹری بلدیات واِنتخابات خیبر پختونخوا

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری بلدیات، اِنتخابات و دیہی ترقی سید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ ساتویں مردم شماری کاعنقریب ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی صوبائی حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ بلدیات و انتخابات تمام مراحل میں پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے شانہ بشانہ ادا کرے گا۔ اس بات کا اِنکشاف اْنہوں نے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں ساتویں مردم شماری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اِفتتاحی نِشست سے خطاب میں کیا۔اور وفاقی محکمہ شماریات کے جائنٹ ایڈیشنل سیکرٹری سینسس اختر خان اور پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے ڈائریکٹر شوکت علی خان بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ ورکشاپ میں فارغ التحصیل ماسٹر ٹرینرز تربیت کے بعد ڈویڑنل سطح پر ٹرینرز کو تربیت دیں گے۔

سید ظہیرالاسلام شاہ کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی اس پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت محکمہ شماریات اور صوبائی حکومت کے اہلکار فیلڈ پر جاکر شہریوں کا مکمل ڈیٹا آن لائن نظام کے تحت حاصل کریں گے جبکہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت 23دِسمبر تک مکمل ہونے کے بعد 7جنوری سے 23جنوری تک انومریٹرزاپنا کام شروع کریں گے جس کے بعد اگلے سال فروری میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ اْنہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے جس پر ملک کے مستقبل کی منصوبہ بندی،تعمیرو ترقی اور عوامی خوشحالی کا دارومدار ہو تاہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی بہترین منصوبہ بندی کے لئے نئی مْردم شماری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔اِس لئے خیبر پختونخواکی ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس حْکام سمیت پوری سرکاری مشینری محکمہ شماریات کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔اْنہوں نے عْلمائے کرام اور دیگر صاحب ِرائے طبقوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس سلسلے میں عوامی شعور اْجاگر کریں تاکہ یہ قومی فریضہ اور اس کے تمام مراحل پوری خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام پائیں۔

قبل اَزیں پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے ڈائریکٹر شوکت علی خان نے سیکرٹری بلدیات کے ساتھ اْن کے دفتر میں ملاقات کی اور اْنہیں ساتویں مردم شماری کے لئے وفاقی سطح پر کئے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیااوراْن سے صوبائی سطح پر محکمہ بلدیات و انتخابات کے تعاون کی درخواست کی جبکہ سیکرٹری بلدیات نے محکمہ بلدیات کے دیگر حْکام کے ساتھ اجلاس کے دوران ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں محکمہ بلدیات کے کردار اورتعاون سے متعلق اْمور کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پربعض ضروری فیصلے بھی کئے گئے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69432